برہان وانی زندہ ہے،مقبوضہ کشمیرمیں آزادی کاسورج جلد طلوع ہو گا: مشعال ملک

اسلام آباد:غیر قانونی طورپرنظربند کشمیری حریت رہنما محمد یاسین ملک کی اہلیہ اور پیس اینڈ کلچر پارٹی کی چیئرپرسن مشعال ملک نے کہا ہے کہ برہان وانی شہید زندہ ہے اورمقبوضہ کشمیر میں آزادی کاسورج جلد طلوع ہو گا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مشعال ملک نے نوجوان کشمیری رہنما برہان مظفر وانی کے نویں یوم شہادت پر ایک ویڈیو پیغام میں کہاہے کہ سلام ہے اس ماں پر جس نے برہان وانی کو جنم دیا اور اس بیٹے پر جو زندہ ہو کر بھی شہادت کی چادر اوڑھ گیا۔انہوں نے کہاکہ کشمیر آج بھی برہان وانی کی صدا سے گونج رہا ہے اور انشا اللہ وہ دن ضرور آئے گا جب آزادی کی اذان بلند ہو گی، برہان صرف ایک فرد نہیں تھا بلکہ ایک سوچ، ایک تحریک اور ہر کشمیری کی امید تھا۔انہوں نے کہا کہ برہان نے بندوق نہیں اٹھائی، اس نے کشمیریوں میں شعور جگایا، وہ نہ جھکا، نہ رکا، نہ بکا، ظلم کے ہر وار پر اس کی مسکراہٹ ہی جواب تھی اور وہ مجاہد نہیں ایک نظریہ ہے۔مشعال ملک نے کہا کہ آج ہر کشمیری نوجوان برہان کے قدموں کے نشان پر چل رہا ہے اور آزادی کے سفر کو جاری رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے برہان کو ایک ایسا چراغ قرار دیا جو جل کر اندھیروں کو روشنی میں بدل گیا۔ ان کے بقول 8 جولائی صرف ایک تاریخ نہیں بلکہ شہادت کی شروعات ہے، برہان وانی شہید نہیں وہ سانس بن گیا ہے ہر کشمیری کی، جب تک کشمیر زندہ ہے برہان کی للکار گونجتی رہے گی۔








