کشمیری وفد نے ترک قیادت کو مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری بھارتی مظالم سے آگاہ کردیا
انقرہ 13دسمبر(کے ایم ایس)کشمیری نمائندوں پر مشتمل ایک وفد نے تر کیہ کی پارلیمنٹ کا دورہ کیا اور حزب اقتدار اور حزب اختلاف کے اہم رہنمائوں سے ملاقاتیںکرکے انہیں بھارتی فوجیوں کی طرف سے مقبوضہ جموں وکشمیر میں ڈھائے جانے والے مظالم سے آگاہ کردیا۔
وفد میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ کے رہنما غلام محمد صفی ، شیخ عبدالمتین اورجماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے سابق امیر عبدالرشید ترابی شامل تھے ۔صدر پاک کشمیر فورم استنبول ڈاکٹر ندیم ،رانا طارق اور معروف ترک سیاسی تجزیہ نگار عاطف اوزبے امتیاز صاحبی بھی کشمیری وفد کے ہمراہ تھے۔وفد کے ارکان نے ملاقاتوں کے دوران مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی ریاستی دہشت گردی کو اجاگرکیا۔انہوں نے ترک پارلیمنٹ کے رکن اور اسلامی تعاون تنظیم کے لئے ترکیہ کے پارلیمانی یونین کے صدر پروفیسر ڈاکٹر اورحان اتالے سے تفصیلی ملاقات کی اور انہیں مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی فوجیوں کی طرف سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ کالے قوانین کے تحت بے پناہ اختیارات رکھنے والے بھارتی فوجی تحریک آزادی کشمیر کو دبانے کے لیے بے گناہ کشمیریوں کو شہیدکر رہے ہیں۔انہوں نے پروفیسر ڈاکٹر اورحان اتالے کو مقبوضہ جموں وکشمیرمیں 05اگست 2019کو اور اس کے بعد نریندر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کی طرف سے کیے گئے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ اقوام متحدہ کئی دہائیاں گزرجانے کے باوجودمسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کرانے میں ناکام رہاہے۔وفد کے ارکان نے حق خودارادیت کے حصول کے لئے کشمیریوں کی جائز جدوجہد کی حمایت جاری رکھنے پر ترک حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ وفد نے کہا کہ ترکیہ نے جموں و کشمیر پر او آئی سی کے رابطہ گروپ کے ایک اہم رکن کے طور پر ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس کے علاوہ صدر رجب طیب اردوان نے اقوام متحدہ میں کشمیریوں کی امنگوں کی نمائندگی کی جس کے لیے وہ ان کے مشکور ہیں۔وفد کے ارکان نے ترکیہ کے ڈپٹی سپیکر لیونٹ گوک، حزب اختلاف کے مرکزی لیڈر محمود تنال سے بھی ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے ترک پارلیمنٹ میں ایک پریس کانفرنس سے بھی خطاب کیا جس میں انہوں نے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی ریاستی دہشت گردی کو اجاگر کیا اور مودی حکومت کے مسلم دشمن منصوبوں کو بے نقاب کیا۔ ترک قیادت نے وفد کو مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہاکہ وہ کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔