لاہور : یوم الحاق پاکستان کے سلسلے میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے وفد کی اہم ملاقاتیں

لاہور:کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی کی قیادت میں ایک اعلی سطح وفد نے کل19جولائی کو منائے جانیوالے یوم الحاق پاکستان کے سلسلے میں لاہور میں اہم ملاقاتیں کیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت وفد نے پنجاب کے وزیر صحت خواجہ عمران نذیر، لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے عہدیداران ایڈووکیٹ عثمان اختر راٹھوراور ایڈووکیٹ علی چنگیز سندھو سے ملاقات کی اور انہیں حریت کانفرنس کے زیر اہتمام منعقد کی جانیوالی یوم الحاق پاکستان ریلی میں شرکت کی دعوت دی۔ وفد نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی ، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور کشمیری عوام کوانکا ناقابل تنسیخ حق خودارادیت دینے سے بھارت کے مسلسل انکار کے بارے میں آگاہ کیا۔ غلام محمد صفی نے کہا کہ بھارت نہتے کشمیریوں کو بدترین ریاستی دہشتگردی اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا نشانہ بنا رہا ہے۔ کشمیری نوجوان، خواتین، بزرگ اور بچے آئے روز بھارتی ظلم و بربریت کا نشانہ بنتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں خصوصا اقوام متحدہ اور عالمی برادری کشمیری عوام پر ڈھائے جانیوالے مظالم پر مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں جوکہ انتہائی قابل مذمت ہے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے 19جولائی 1947کو پاکستان کے ساتھ الحاق کا جو تاریخی فیصلہ کیا تھا، وہ آج اس پر قائم ہیں ۔ کشمیری اپنی جدوجہد آزادی کو پاکستان کے ساتھ اپنی محبت اور الحاق کی بنیاد پر جاری رکھے ہوئے ہیں اور اپنی آخری سانس تک اس حق کی حفاظت کرتے رہیں گے۔اس موقع پر وزیر صحت خواجہ عمران نذیر اور وکلا برادری کے نمائندگان نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی ریاستی دہشت گردی کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی حکومت اور عوام اپنے کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ ہیں اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول تک انکی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔انہوں نے کل لاہور میں یوم الحاق پاکستان کے سلسلے میں منعقد کیاجانیوالی ریلی میں بھرپور شرکت کی بھی یقین دہانی کرائی۔حریت وفد میں شیخ عبدالمتین، محمد اشرف ڈار اور محمد شفیع ڈار شامل تھے۔







