مسلمانوں کیخلاف زہر افشانی بی جے پی رہنماﺅں کا وطیرہ بن چکا ہے، آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ

سرینگر:آل انڈیا مسلم پرنسل لا بورڈ نے کہا ہے کہ مسلمانوں کے خلاف زہر افشانی، نفرت انگیز تقاریر اور بیانات بھارتیہ جنتا پارٹی رہنماﺅں کا وطیرہ بن چکا ہے ۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بورڈ کے ترجمان سید قاسم رسول الیاس نے ایک بیان میں بی جے بی سے وابستہ آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنتا بسوا شرما کی مسلمانوں کے خلاف حالیہ زہر افشانی کی مذمت کرتے ہوئے سپریم کورٹ سے اسکا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ آسام ، اترا کھنڈ اور اترپردیش کے وزرائے اعلیٰ آئے روز مسلمانوں کے تئیں اپنی نفرت ، تعصب اور عداوت کا اظہار کرتے رہتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ ایک ایسا شخص جو ملک کے دستور پر حلف لیکر وزیر اعلیٰ بنتا ہے کس طرح ملک کی ایک برادری کیخلاف بکواس اور غیر قانونی احکامات جاری کر سکتا ہے۔ قاسم رسول الیاس نے بھارت کی سیکولر جماعتوں اور انصاف پسند شہریوں سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ بی جے پی رہنماﺅں کی زہر افشانی کا نوٹس لیں ۔
آسام کے وزیر اعلیٰ نے ایک سرکاری پروگرام کے دوران اپنی تقریر میں ہندوﺅں پر زور دیاتھا کہ وہ میاں(مسلمان)طبقے کو ستائیں تاکہ وہ پریشان ہو کر آسام چھوڑ دیں ۔ ا نہوں نے کہا کہ میاں طبقے کو تکلیف پہنچانا ، انہیں معاشی طور پر پریشان کرناہماری ذمہ داری ہے ۔ انہوںنے ہندوﺅں سے یہ بھی کہا کہ وہ فارم نمبر 7داخل کر کے چار پانچ لاکھ مسلمانوں کو ووٹر فہرست سے باہر نکال دیں۔






