5 اگست: یومِ استحصالِ کشمیر،اسلام آباد میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے عظیم الشان ریلی نکالی گئی
پاکستان، کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے اصولی موقف پر پوری طرح کاربند ہے، اسحاق ڈار
اسلام آباد:یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک عظیم الشان ریلی اور جلسہ عام کا انعقاد کیا گیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ریلی کی قیادت نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے کی، جس میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں، تمام بڑی سیاسی، مذہبی و سماجی جماعتوں کے قائدین، وفاقی وزرا، سول سوسائٹی، طلبہ، وکلا اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اسلام آباد کی فضا "کشمیر بنے گا پاکستان”، "ہم لے کے رہیں گے آزادی اوربھارت سے لیں گے آزادی” جیسے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھی۔اس موقع پر واضح پیغام دیاگیا کہ پاکستان کے عوام اپنے کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ریلی کے اختتام پر ایک جلسہ عام منعقد کیا گیا جس سے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام، مشیر وزیر اعظم رانا ثنا اللہ، وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ، حریت رہنما الطاف وانی، چیئرمین کشمیر کمیٹی رانا قاسم نون ،شبیر عثمانی اور دیگر وفاقی وزراا ور معزز شخصیات نے خطاب کیا۔مقررین نے بھارت کی جانب سے 5اگست 2019کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت کی منسوخی، ریاست کو دو حصوں میں تقسیم کرنے اور دیگر تمام غیر آئینی و غیر قانونی اقدامات کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھارت فوری طور پر اپنے ان غاصبانہ فیصلوں کو واپس لے اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دے ۔مقررین نے کشمیری عوام کی بے مثال قربانیوں، عزم، استقامت اور حوصلے کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ لاکھوں کشمیریوں نے اپنے لہو دیکر تحریک آزادی کو زندہ رکھا۔ حریت قیادت دہائیوں سے جیلوں میں غیر قانونی طورپر نظربند ہے مگر ان کے جذبہ حریت میں کوئی کمی نہیں آئی ۔نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے اپنے خطاب میں کہاکہ پاکستان، کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے اصولی موقف پر پوری طرح کاربند ہے۔ انہوں نے کہاکہ جب تک کشمیریوں کو ان کا ناقابل تنسیخ حق نہیں ملتا، پاکستان ان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوامِ متحدہ کے ایجنڈے پر موجود ایک تسلیم شدہ بین الاقوامی تنازعہ ہے، جس کا حل صرف اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہی ممکن ہے۔مقررین نے پھر عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام پرڈھائے جانیوالے وحشیانہ بھارتی مظالم کا نوٹس لے، بھارت پر بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کیلئے دبائو ڈالے اور مسئلہ کشمیر کے دیرپا اور منصفانہ حل کیلئے موثر کردار ادا کرے۔ریلی اور جلسے میں سینئر حریت رہنما محمود احمد ساغر ،سید فیض نقشبندی ،حاجی محمد سلطان ، جاوید اقبال ،امتیاز وانی،محمد شفیع ڈار ،میاں مظفر،چوہدری شاہین،نذیر احمد کرنائی،ذاہد مجتبیٰ ،شیخ عبدالماجد اور مشتاق احمد بٹ نے بھی شرکت کی۔



