27 اکتوبر یوم سیاہریلی

یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر پشاور ،کراچی ، کوئٹہ میں بھارت مخالف احتجاجی ریلیوں کا انعقاد

گورنر کے پی کے فیصل کریم کنڈی کا کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ

پشاور:یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور بھارت کے خلاف احتجاج کے لئے پشاور ، کراچی اورکوئٹہ میں بھی ریلیوں کا انعقادکیاگیا۔
پشاور میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ریلی کی قیادت کی جبکہمشیرِ اطلاعات ثمر ہارون بلور، کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماوں داوود یوسفزئی، عبدالمجید لون ،منظور احمد ڈار، اعلیٰ سرکاری حکام، سول سوسائٹی کے اراکین اور طلباءکی بڑی تعداد نے ریلی میں شرکت کی۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے کشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب کشمیری بھارتی تسلط سے آزاد ہو جائیں گے۔ انہوںنے کہا کہ 27 اکتوبر 1947ءکشمیری عوام کے لیے سیاہ ترین دن ہے اور بھارت کے 5 اگست 2019ءکے یک طرفہ اور غیر قانونی اقدامات اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر پر بھارت نے قبضہ کرکے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں سے روگردانی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہجموں کشمیر کے عوام کو بدترین ظلم و بربریت کا نشانہ بنایا گیا ہے، تاہم بھارت حقِ خودارادیت کے حصول کے لئے کشمیریوں کی جدوجہد کو دبانے میں ناکام رہا ہے۔انہوں نے حقِ خودارادیت کی جدوجہد میںکشمیریوں کی مثالی جرات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام بھارتی افواج کی جانب سے بدترین ظلم و تشدد کا نشانہ بن رہے ہیں اور ان کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان امن کے ذریعے مسائل کا حل چاہتا ہے، لیکن ہماری امن کی اس خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ پاکستان طاقت کی زبان کا طاقت سے بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے، جس کا ثبوت معرکہ حق ہے۔ دنیا نے پاکستان کی ان صلاحیتوں اور سفارتی کوششوں کا اعتراف کیا ہے۔ بھارت کا غرور خاک میں مل گیا اور وہ دنیا کے سامنے ذلیل و رسوا ہوگیا۔انہوں نے پاکستان کے اس عزم کو دہرایا کہ پاکستان کشمیریوں کو کسی صورت میں تنہا نہیں چھوڑے گا اور ان کی حمایت جاری رکھے گا۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیرشاخ کے رہنما داوود یوسفزئی نے اس موقع پر یومِ سیاہ بھرپور طریقے سے منانے پر پاکستان کی حکومت اور عوام خاص طور پر وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس سے کشمیری عوام کے حوصلے مزید بلند ہوئے
ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت ظلم و جبر سے کشمیریوں کی جائز جدوجہد کو دبا نہیں سکتا۔ داوود یوسفزئی نے اقوامِ متحدہ اور اقوامِ عالم سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ علاقے میں جاری انسانی حقوق کی پامالیاں اور نہتے کشمیریوں کا قتلِ عام بند کرانے کے لیے بھارت پر دباو ڈالیں۔
ریلی کے شرکا نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کی مذمت اور کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر بھارت مخالف نعرے درج تھے۔
دریں اثنا ءکراچی اورکوئٹہ میں بھی یوم سیاہ کے سلسلے میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں جن میں عالمی برادری سے مطالبہ کیاگیا کہ وہ تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اورکشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کرانے کے لئے اپنا کردار اداکرے ۔ شرکاءنے کشمیریوں کی آزادی کے حق میں اوربھارت کے خلاف نعرے لگائے ۔ انہوں نے مقبوضہ جموں وکشمیر کے مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے عالمی برادری پر زوردیا کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی مظالم کوروکنے کے لئے ٹھوس اقدامات کرے اورتنازعہ کشمیر کے فوری حل کے لئے موثر کرداراداکرے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے رہنما سید فیض نقشبندی نے کوئٹہ میں جبکہ محمد شفیع ڈار نے کراچی میں منعقدہ ریلی میں شرکت کی۔ یوم سیاہ کے سلسلے میں اسلام آباد ، لاہور، مظفر آباد ، میرپور،کوٹلی ، باغ ، گلگت اورپاکستان اورآزادکشمیر کے دیگر شہروں اور قصبوں میں بھی احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں اورسیمینار کا انعقادکیاگیا۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button