مقبوضہ کشمیر :ممنوع قراردی گئی 25کتابوں کی ضبطی کیلئے پونچھ میں بک شاپس پرچھاپے
جموں:
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی پولیس نے قابض انتظامیہ کی طرف سے ممنوع قراردی جانیوالی 25کتابوں کو ضبط کرنے کیلئے ضلع پونچھ کی تمام بک شاپس پر چھاپے مارے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پولیس حکام نے میڈیا کو بتایاہے کہ ضلع بھر میں متعدد مقامات پر بک شاپس پر چھاپے مارے گئے ہیں اور مالکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ کسی قسم کا ممنوعہ موادان کے پاس موجود نہ ہو ۔قابض انتظامیہ نے گزشتہ ہفتے مولانا ابو اعلیٰ مودودی، اروندھتی رائے، انورادھا بھسین، سمنترا بوس،وکٹوریہ شوفیلڈ، کرسٹوفر سنیڈن ،حفصہ کنجوال، محمد یوسف صراف، اطہر ضیا، اے جی نورانی اور دیگر کی تصانیف پر پابندی عائد کی ہے جن میں تنازعہ کشمیر سے متعلق تاریخی حقائق کو پیش کیاگیاہے۔ حکمنامے میں ان کتابوں کی ضبطگی کی ہدایت کی گئی ہے۔پولیس نے خبردار کیاہے کہ ان کتابوں کی فروخت یا خریداری میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔







