مودی حکومت کی نااہلی سے برآمدی شعبہ تباہ اورلاکھوں لوگوں کا مستقبل تاریک ہو گیا ہے :دنیش کے وہرا
نئی دہلی:بھارت کے سینئر صحافی اور کالم نگار دنیش کے وہرا نے مودی حکومت کے نام نہاد ترقی کے ماڈل کو بے نقاب کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ جلد لاکھوں بھارتی بے روزگار ہونے والے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دنیش کے وہرا نے اپنے ویڈیو پیغام میں بھارتی برآمدات کی تاریخی گراوٹ اور نام نہاد ترقی کے ماڈل کو بے نقاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت کی سفارتی نااہلی سے برآمدی شعبہ تباہ اورلاکھوں ملازمین کا مستقبل تاریک ہو گیا ہے۔بھارتی سینئر صحافی نے مودی کے کھوکھلے دعوئوں کا پردہ فاش کرتے ہوئے کہا کہ آج سے امریکہ کے تمام آرڈرز منسوخ ہو گئے ہیں ،کوئی شپمنٹ نہیں جائے گا جبکہ بھارت کا امریکہ کیساتھ 60ارب ڈالر کا کاروبار تباہ ہو گیا ہے۔دنیش کے وہرا نے کہا کہ 10کروڑ لوگوں کے لیے سیاہ دیوالی آ گئی ہے جس کے بعد اب کہرام مچے گا، ٹیکسٹائل اور گارمنٹس کے شعبے کے ساڑھے 4 کروڑ ملازمین کی نوکریاںخطرے میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ 20سے 22ہزار کروڑ کے جھینگا فارمنگ کے آرڈر کینسل ہو چکے ہیں، ہیروں کی 10ارب ڈالر کی برآمدات تھیں، اب کوئی آرڈر نہیں ہے جبکہ قالین، چمڑے،مشینری، گاڑیاں، کمیکلز اور پرزہ جات کے سب آرڈرز منسوخ ہو گئے ہیں۔دنیش وہرا نے کہا کہ اس صورت حال میں بھارت میں تمام نوکریاں ختم اور لاکھوں لوگ بے روزگار ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ امریکی ٹیرف نہیں ہٹا تو ملک سے صرف بیروزگاری کی خبریں آئیں گی اور اس حوالے سے حکومت سب جانتی ہے مگر کوئی بات نہیں کرتا۔انہوں نے کہا کہ ٹی وی چینلزجھوٹ کہتے ہیں کہ صرف 0.3یا 0.4 فیصد جی ڈی پی کم ہو گی اور ہم کھڑے رہیں گے، ہم دیمک لگی دیوار کی طرح کھڑے ہیں جو پتہ نہیں کب دھڑام سے گر جائے۔دنیش وہرا نے کہا کہ آپ جتنا مرضی کہہ لیں،50فیصد ٹیرف کے سامنے ہم کھڑے نہیں رہ سکتے۔ انہوں نے کہاکہ چین ایک دیوار کی طرح سامنے کھڑا ہے اور اس کا سامان10گنا سستا ہے، ہمارا معیار اتنا خراب ہے کہ جاپان میں زیرو ٹیرف کے باوجود کوئی کچھ نہیں خریدتا۔سینئر صحافی نے کہا کہ لوگوں کیلئے سیاہ دور آنے والا ہے اور مودی کو اس کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہاکہ مودی حکومت کا”وشو اگرو”کانعرہ مہنگائی، بے روزگاری اور بھوک میں دفن ہو گیا کیونکہ 50فیصد امریکی ٹیرف کے باعث مودی حکومت کا معاشی ماڈل مکمل طورپر تباہ ہو گیا ہے۔






