مقبوضہ کشمیر:ڈی پی ایم کے چیف آرگنائزر کی کالے قانون کے تحت جیل منتقلی کی مذمت
سرینگر29 دسمبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما اور جموں و کشمیر ڈیموکریٹک پولٹیکل موومنٹ کے چیئرمین خواجہ فردوس نے پارٹی کے چیف آر گنائزرشکیل احمد بٹ کی کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت سرینگر سینٹرل جیل منتقلی کی شدید مذمت کی ہے ۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق خواجہ فردوس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہاکہ قابض انتظامیہ نے گرفتاری اور غیر قانونی نظربندی سمیت تمام تر ہتھکنڈوں کے باوجود شکیل بٹ کے جذبہ حریت کو کمزور کرنے میں ناکام رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شکیل احمد بٹ نے اپنی پوری زندگی تحریک آزادی کیلئے وقف کررکھی ہے اورانہوں نے زندگی کا بیشتر حصہ جیلوں میں گزارا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شکیل بٹ کو متعدد بار قابض انتظامیہ نے کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت مقبوضہ کشمیر اور بھارت کے جیلوں میں نظر بند رکھا ۔انہوں نے کہا کہ اس کے باوجود بھی شکیل احمد بٹ کے پائیہ استقلال میں کوئی لغزش نہیں آئی۔ خواجہ فردوس نے کہا کہ بھارتی قابض انتظامیہ نے انہیں کالے قانون کے تحت سرینگر سینٹرل جیل منتقل کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قابض انتظامیہ نے اس سے قبل تنظیم کے جنرل سیکرٹری پیر ہلال احمد کو بھی غیر قانونی طور پر گرفتارکرکے کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت کوٹ بھلوال جیل میں نظر بند کردیا ہے۔ خواجہ فردوس نے کہا کہ بھارتی فوج اور پولیس اس وقت بھی تنظیم کے دیگر رہنمائوں اور کارکنوں کے گھروں پر غیر قانونی طور پر چھاپہ مار کارروائی کررہی ہے اور چادر اور چار دیواری کا تقدس بھی پامال کررہی ہے۔