بھارت

بھارت :سمجھوتہ ایکسپریس بم دھماکے کے ملزم بھارتی فوجی افسر کوبری ہونے کے بعد ترقی دی گئی

نئی دہلی :  بھارت میں سمجھوتہ ایکسپریس بم دھماکے کے ملزم فوجی افسر لیفٹیننٹ کرنل پرساد پروہت کوعدالت سے بری ہونے کے دو ماہ بعد ترقی دی گئی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق” دی وائر” کی ایک رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ دھماکے میں مارے گئے 6افراد کے اہلِخانہ نے بریت کو عدالت میں چیلنج کر دیا ہے ۔رپورٹ میں کہاگیا کہ سمجھوتہ ایکسپریس اور مالی گائوں بم دھماکے کے مقدمے کے ملزم ایک بھارتی فوجی افسر کو دہشت گردی کی عدالت سے بری ہونے کے بعد ترقی دے دی گئی۔ لیفٹیننٹ کرنل پرساد پروہت کو نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی(این آئی اے)کی عدالت سے بری ہونے کے 2ماہ بعد بھارتی فوج نے کرنل کے عہدے پر ترقی دے دی۔لیفٹیننٹ کرنل پرساد پروہت کو جنہیں بھارتیہ جنتا پارٹی کی سابق رکن پارلیمنٹ پرگیہ سنگھ ٹھاکر سمیت 7افراد کے ساتھ دھماکوں میں ملوث ہونے کے الزام میں مقدمے کا سامنا تھا، اس وقت بری کر دیا گیا جب استغاثہ عدالت میں کیس ثابت کرنے میں ناکام رہا۔خصوصی جج اے کے لہوٹی نے 7ملزمان کو بری کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خلاف سنگین شبہات موجود ہیں لیکن یہ اتنے کافی نہیں کہ انہیں سزا دی جا سکے، جج نے کہا کہ شدید شبہ ہو سکتا ہے لیکن محض شبہے کی بنیاد پر کسی کو سزا نہیں دی جا سکتی، اسی لیے عدالت نے ملزمان کو شک کا فائدہ دیا ہے۔پروہت کی اہلیہ اپرنا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے اس ترقی کی تصدیق کی ۔ناقدین کا کہنا ہے کہ حکومت ایک ایسے شخص کے ساتھ کھڑی ہے جو 17برسوں تک دہشت گردی کے مقدمے میں ملزم رہا۔بھارتی وزیر ٹیکسٹائل گری راج سنگھ نے پروہت کے کندھوں پر رینک لگانے کی تقریب کی تصویر شیئر کرتے ہوئے انہیں مبارکباد دی۔ انہوں نے کہاکہ کرنل پروہت کو وردی میں واپسی پر مبارکباد، حکومت ان محب وطن افراد کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے جو جرات اور ایمانداری سے قوم کی خدمت کرتے ہیں۔پروہت حاضر سروس فوجی افسر ہیں جنہیں 2008میں گرفتار کیا گیا تھا، ان کی گرفتاری کو دھماکے کے مقاصد کو ثابت کرنے کے لیے اہم سمجھاجاتا تھا، یہ مقدمہ ابتدائی طور پر مہاراشٹرکے انسداد دہشت گردی اسکواڈنے سنبھالا تھا اور بعد میں 2009میں این آئی اے کے قیام کے بعد اسے منتقل کر دیا گیا تھا۔اے ٹی ایس کے مطابق پروہت نے 2006میں ابھینو بھارت نامی تنظیم قائم کی تھی، جس کے ذریعے فنڈز اکٹھے کیے گئے اور سازش تیار کی گئی۔اے ٹی ایس کے مطابق پروہت نے اس تنظیم کے ذریعے ہندو راشٹر قائم کرنے کا منصوبہ بنایا تھا جس کا اپنا آئین، جھنڈا اور جلاوطنی میں حکومت ہو، جسے یا تو اسرائیل یا تھائی لینڈ سے چلایا جانا تھا۔ واضح رہے کہ لاہور اور دہلی کے درمیان چلنے والی سمجھوتہ ایکسپریس میں 18فروری 2007کو ہریانہ کے علاقے پانی پت کے مقام پر دھماکا ہوا تھا، جس میں 43پاکستانی اور 10بھارتی شہریوں سمیت مجموعی طور پر 68افراد ہلاک ہو گئے تھے جب کہ 15 افراد کی شناخت نہیں ہو سکی تھی، مرنے والوں میں 64مسافر تھے جبکہ 4کا تعلق محکمہ ریلوے سے تھا۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button