بھارتی وزیر دفاع کا سندھ سے متعلق بیان خطرناک ذہنیت کا عکاس ہے: پاکستان
اسلام آباد: پاکستان کے دفتر خارجہ نے سندھ سے متعلق بھارتی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کے بیان کو حقیقت سے فرار اور انتہائی خطرناک ذہنیت کا عکاس قرار دے دیاہے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ ایسے بیانات بین الاقوامی قانون، تسلیم شدہ سرحدوں اور ریاستی خود مختاری کی خلاف ورزی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھارتی قیادت اشتعال انگیز بیانات سے گریزکرے جو خطے کے امن کیلئے خطرہ ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے بھارت سے اقلیتوں کے تحفظ اور ان کے خلاف تشدد پر اکسانے والوں کا محاسبہ کرنے کا مطالبہ کر تے ہوئے کہا کہ بھارت کے شمال مشرقی خطے کے لوگ آج بھی ریاستی سرپرستی میں تشدد، شناختی جبر اور محرومی جھیل رہے ہیں۔ بھارتی حکومت عقائد کی بنیاد پر تعصب اور تاریخ کومسخ کرنے پر مبنی امتیازی رویے کا حل نکالے۔ترجمان نے مطالبہ کیا کہ بھارت تنازعہ جموں وکشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق نکالے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان تمام تنازعات کا پرامن حل چاہتا ہے اور اپنی خود مختاری اور دفاع کیلئے پرعزم ہے۔








