مقبوضہ کشمیر کے مسائل کے حل کیلئے انسانیت ، اخلاقی ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جائے ، انجینئر رشید
لوک سبھا سے خطاب میں انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر بھوک ہڑتال کرنے کا اعلان
نئی دلی: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے ضلع بارہمولہ سے منتخب بھارتی پارلیمنٹ کے رکن انجینئر عبدالرشید نے بھارتی حکومت اور ارکان پارلیمنٹ پر زور دیا ہے کہ وہ جموںو کشمیر کے مسائل کو سیاسی مصلحت کے بجائے انسانیت، سنجیدگی اور اخلاقی ذمہ داری کے ساتھ حل کریں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق انجینئر رشید نے لوک سبھا میں اظہار خیال کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ 10 دسمبر کو انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر حل طلب دیرینہ تنازعہ کشمیر کی وجہ سے کشمیریوں کو درپیش مشکلات اور مسائل اور مفاہمت کی فوری ضرورت کی طرف مبذول کرانے کیلئے بھوک ہڑتال کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ ” دوری” کو ختم کرنے کی بار بار یقین دہانیوں کے باوجود،مقبوضہ علاقے کی زمینی صورتحال میں کوئی بہتری واقع نہیں ہوئی ہے ۔ انہوں نے حکومت اور اپوزیشن دونوں سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ پر زوردیاکہ وہ جموں وکشمیر کے عوم کے بارے میں انسانی ہمدردی کا نقطہ نظر اپنائیں اور تنازعہ کشمیر کے پائیداراورباوقار حل کیلئے منتخب نمائندوں اور دیگر ا سٹیک ہولڈرز کے ساتھ جامع مذکرات شروع کریں۔انجینئر رشید نے اپنی نظربندی کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ ”فی الحال نئی دلی کی تہاڑ جیل میرا گھر ہے”۔





