بھارت: بی جے پی وزیر کے شرمناک تبصرے نے مسلمانوں کا غم و غصہ مزید گہرا کر دیا
نئی دہلی: بھارتی ریاست بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی طرف سے ایک مسلم ڈاکٹر کا نقاب کھینچنے کی انتہائی شرمناک حرکت پر مسلمانوں میں شدید غم وغصہ پایا جاتاہے۔ بی جے پی کے ایک وزیر کے واقعے کے حوالے سے تبصرے نے مسلمانوں کے غم و غصے کو مزید گہرا کر دیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ایک وائرل ویڈیو میں بی جے پی کے وزیر سنجے نشاد کو حجاب اتارے جانے کے واقعے پر مسلمانوں کے غم و غصے کا مذاق اڑاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے ۔ ویڈیو میں وزیر کو یہ نازیبا تبصرہ کرتے ہوئے سنا جاسکتا ہے” حجاب کو چھونے پر اتنا شور کیوں؟ اگر ہاتھ کہیں اور لگا ہوتا تو کیا ہوتاہے۔ “ سوشل میڈیا صارفین ، انسانی حقوق اور حقوق نسواں کی تنظیموں نے بی جے پی وزیر کے نازیبا تبصرے کی شدید مذمت کی ہے۔
انہوںنے وزیر کے بیان کو انتہائی شرمناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حجاب کھینچنے کے واقعے پر افسوس کا اظہار کرنے کے بجائے وزیر کا گھٹیا تبصرہ مسلمانوں کے بارے میں انکے بھر پور تعصب کا عکاس ہے۔







