اتر پردیش: ہندو توا بریگیڈ کی غیر ہندوﺅں کو گنگا کے کناروں سے دور رہنے کی ہدایت
نئی دلی 08جنوری ( کے ایم ایس ) بھارتی ریاست اترپردیش میں انتخابات قریب آنے کے ساتھ ہی ہندوتوا بریگیڈ نے اوچھے ہتھکنڈوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ وشو اہندو پریشد اور بجرنگ دل کے کارکنوں نے وارانسی میں دریائے گنگا کے کناروں کے ساتھ پوسٹر لگا دیے ہیں جن میں غیر ہندووں کو دریا کے قریب جانے سے سختی سے منع کیا گیا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ہندی میں کچھ پوسٹرز سوشل میڈیا پر بھی گردش کررہے ہیں جن میں سے ایک میں لکھاہے کہ دریا کے نزدیک نہ جانے کی یہ درخواست نہیں بلکہ ایک انتباہ ہے۔صحافیوں کی طرف سے شیئر کیے گئے ویڈیو کلپس میں وی ایچ پی اور بجرنگ دل کے اراکین کا ایک گروپ دکھایا گیا ہے جنہوں نے اپنے گلے میں زعفرانی مفلر پہن رکھے ہیںاور کشتی پر سوار پوسٹرز کو پکڑے ہوئے ہیں۔میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ پوسٹر شہر کے پنچ گنگا گھاٹ، رام گھاٹ، دشاسوامیدھ گھاٹ، آسی گھاٹ اور مانیکرنیکا گھاٹ پر دیکھے گئے۔ وشوا ہندو پریشد کے ایک مقامی رہنما راجن گپتا ایک ویڈیو کلپ میں یہ کہتے ہوئے نظر آ رہے ہیں کہ یہ کوئی پوسٹر نہیں ہے بلکہ دیگر مذہبی گروہوں سے تعلق رکھنے والوںکے لیے ایک انتباہ ہے کہ انہیں سناتن ثقافت کی علامتوں سے دور رہنا چاہیے ۔ انہوںنے کہا کہ گنگا کے کنارے سیر و تفریح کیلئے نہیں ہیں لہذا غیر ہندﺅں کو ان سے دور رہنا ہو گا۔ حکمران بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے لیے مہم چلانے والے دائیں بازو کے ہندو گروپ کھلے عام فرقہ وارانہ کارڈ کھیل رہے ہیں