مسئلہ کشمیر ایک علاقائی تنازع نہیں ،کشمیری عوام کے حق خودارادیت کا مسئلہ ہے، امتیاز وانی
اسلام آباد : کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے سیکرٹری اطلاعات امتیاز وانی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر محض ایک علاقائی تنازع نہیں بلکہ مقبوضہ جموں کشمیر عوام کے مستقبل، شناخت اور حقِ خودارادیت کا مسئلہ ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق امتیاز وانی نے ان خیالات کا اظہارپاکستان مسلم لیگ (ن)کی رکنِ پنجاب اسمبلی محترمہ تحسین فواد اور سیکرٹری فنانس پریس کلب اسلام آباد عابد عباسی سے اسلام آباد میں ملاقات کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سیاسی، سماجی اور صحافتی حلقوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیری عوام کی آواز کو ہر فورم پر موثر انداز میں بلند کریں۔اس موقع پر تحسین فواد نے کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی اور ان کے جائز حقوق کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا عابد عباسی نے مسئلہ کشمیر کو میڈیا کے ذریعے اجاگر کرنے اور کشمیری عوام کی جدوجہد کو قومی و بین الاقوامی سطح پر موثر انداز میں پیش کرنے کی اہمیت پر زوردیا۔
ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ کشمیری عوام کی حقِ خودارادیت کی جدوجہد کی حمایت، مسئلہ کشمیر کے پرامن اور منصفانہ حل اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتِ حال کے بارے میں عوامی آگاہی بڑھانے کے لیے باہمی تعاون اور رابطوں کو فروغ دیا جائے گا۔









