APHC-AJK

شہید مقبول بٹ اورشہید افضل گوروکو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے اسلام آباد میں سیمینارکا انعقاد

اسلام آباد:کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیرشاخ نے ممتاز کشمیری رہنمائوں شہید محمد مقبول بٹ اورشہید محمد افضل گوروکوان کے یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے اسلام آباد میں اپنے دفتر میں ایک سیمینار منعقد کیا جس کی صدارت کنونیر غلام محمد صفی نے کی ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سمینار میںمقررین نے شہید افضل گورو اور شہید مقبول بٹ کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پھانسیوں، غیر قانونی نظربندیوں اور دیگرظالمانہ ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو ہرگز دبایا نہیں جا سکتا۔انہوں نے کہاکہ شہید محمد مقبول بٹ اور شہید محمد افضل گورو سمیت شہدائے کشمیر کے ادھورے مشن کو ہر صورت پورا کیا جائیگا ۔ مقررین نے کہا کہ شہداء کشمیریوں کے حقیقی ہیرو اور تحریک آزادی کا عظیم اثاثہ ہیں۔ بھارت نے تحریک آزادی میں نمایاں کردار اداکرنے پر محمد افضل گورو کو 9فروری 2013کو جبکہ محمد مقبول بٹ کو 11فروری 1984کونئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں پھانسی دی تھی۔ انہیںپھانسی کے بعد جیل کے احاطے میں ہی دفن کیا گیا۔مقررین نے کہا کہ محمد مقبول بٹ اور محمد افضل گورو کو پھانسی دینا انصاف کا قتل تھا۔انہوں نے کہاکہ شہید محمد مقبول بٹ اور شہید افضل گورو کی پھانسی بھارتی عدلیہ اور اس کے پورے نظام انصاف پر ایک طمانچہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ وہ دن دور نہیں جب مظلوم کشمیری آزادی کی صبح دیکھیں گے۔ مقررین نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں پر زور دیا کہ وہ محمد مقبول بٹ اورمحمد افضل گورو کی میتوں کو کشمیریوں کے حوالے کرنے کیلئے بھارت پردبائو ڈالیں۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام ایک جائزمقصد کیلئے دلیرانہ جدوجہد کررہے ہیں جس کے لیے وہ سات دہائیوں سے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ کشمیری شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ان کے مشن کو جاری رکھا جائے۔ سیمینار میں دیگر لوگوں کے علاوہ سینئر حریت رہنما محمود احمد ساغر ،مشتاق احمد بٹ،سید فیض نقشبندی،میر طاہر مسعود ،شمیم شال ،سید اعجاز رحمانی ، جاوید اقبال بٹ،راجہ خادم حسین ،حاجی محمد سلطان ،نثار مرزا، زاہد صفی،امتیاز وانی ،میاں مظفر،شیخ عبدالماجد،محمد اشرف ڈار ، منظور احمد ڈار،سید گلشن،عدیل مشتاق وانی، ثنا ء اللہ ڈار،عبد المجید لون ،خورشید میر،رئیس میر،عبدالمجید میراورقاضی عمران نے بھی شرکت کی۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button