کٹھوعہ، سانبہ میں بھارتی فورسز کی محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں

جموں:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں بھارتی فورسز نے ضلع کٹھوعہ کے مختلف علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج اور پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ کے اہلکاروں نے بدھ کی شام کو ضلع کٹھوعہ کے علاقے کمدھ نالہ میں محاصرے اورتلاشی کی کارروائی شروع کی جس کو بعد میں ملحقہ دیہاتوں تک پھیل دیا گیا ہے، جہاں بھارتی فوجی بڑے پیمانے پر تلاشی لے رہے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق آپریشن کے ابتدائی مراحل میں گولیوں کی آوازیں بھی سنی گئیں اور ایک بھارتی فوجی زخمی ہو گیاہے۔
دریں اثناء بھارتی فورسز نے ضلع سانبہ کے علاقے کٹلی میں بھی محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کی ہے۔ بھارتی حکام نے دعویٰ کیا کہ فوجی آپریشن علاقے میں مشکوک نقل و حرکت کی اطلاعات ملنے کے بعد شروع کیا گیا۔بھارتی فوج اور پولیس نے 26جنوری کو بھارت کے یوم جمہوریہ کی تقریبات سے قبل حفاظتی اقدامات کے نام پر ضلع جموں کے مختلف علاقوں میںچھاپوں اور گاڑیوں اورمسافروں کی تلاشی کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔




