مقبوضہ کشمیر : بھارتی قابض انتظامیہ نے ایک اور کشمیری کی جائیدا د ضبط کر لی

جموں:غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں قابض انتظامیہ ایک کشمیری سیاسی کارکن کی جائیداد ضبط کر لی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض انتظامیہ کے حکم پر عمل کرتے ہوئے بھارتی پولیس نے ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی میں سیاسی کارکن عبدالعزیز کی 10کنال اور 14مرلہ اراضی کو ضبط کر لیاہے۔اگست 2019میں مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے منسوخی کے بعد سے بھارتی حکومت نے کشمیریوں کے املاک ، زمینوں اور دیگر جائیداوں کی ضبطی کی مہم تیز کر دی ہے۔ ان اقدامات کا مقصد نہ صرف مظلوم کشمیریوں کو معاشی طور پر کمزور کرنا بلکہ ضبط شدہ املاک پر غیر کشمیری ہندوئوں کو آباد کرکے مقبوضہ علاقے کی آبادی کے تناسب کو بگاڑنا ہے ۔ جائیدادوں کی ضبطی کی مہم کشمیریوں کے خلاف بڑے پیمانے پر جاری کریک ڈائون کا حصہ ہیں جو اقوام متحدہ کی قراردادوں مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کے لئے اپنی پر امن جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔






