مسرت عالم بٹ کی طرف سے جاری تحریک آزادی کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ
سرینگر14 جنوری (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظربندچیئرمین مسرت عالم بٹ نے مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے جاری نہتے کشمیریوں کے قتل عام کی شدیدمذمت کی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مسرت عالم بٹ نے نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے جاری ایک پیغام میں کہا ہے کہ اپنا ناقابل تنسیخ حق،حق خودارادیت کا مطالبہ کرنے والے بے گناہ کشمیریوںکا وحشیانہ قتل عام بین الاقوامی قوانین، انسانی حقوق کے چارٹراوربھارتی رہنمائوں کی طرف سے عالمی برادری کے ساتھ کئے گئے وعدوں کی کھلی خلاف ورزی ہے ۔ انہوں نے آزادی پسند کشمیری عوام کے جذبہ حریت کوسراہتے ہوئے بھارتی ظلم و بربریت کے باوجودجاری مزاحمتی تحریک کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔مسرت عالم بٹ نے کولگام اور دیگر علاقوں میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے کشمیری نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ ہم شہداء کی عظیم قربانیون کے مقروض ہیں۔انہوں نے بین الاقوامی طورپر تسلیم شدہ تنازعہ کشمیر کو خالصتا ًایک سیاسی مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی بدقسمتی کی بات ہے کہ بھارت انسانی اقدار، تنازعات کے پرامن حل اور قانون کی حکمرانی کا احترام نہیں کرتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی ہٹ دھرمی پر مبنی پالیسی تنازعہ کشمیر کے پرامن سیاسی حل کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔حریت چیئرمین نے کہاکہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے پانچ مستقل ارکان کو مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوں کی طرف سے جاری منظم نسل کشی، بڑے پیمانے پر جبری گرفتاریوں اورماورائے عدالت قتل کا سخت نوٹس لینا چاہیے ۔