مودی کے دورہ اسرائیل سے بھارت کے لیے ”سنگین سٹریٹیجک نتائج ”ہو سکتے ہیں، سلمان خورشید
نئی دلی:
کانگریس کے سینئر رہنما اورسابق بھارتی وزیرخارجہ سلمان خورشید نے کہا ہے کہ نریندر مودی نے اسرائیل کے دورے سے بھارت کی عالمی درجہ بندی کو خطرے میں ڈالا اور اس دورے کے ملک کے لیے "سنگین سٹریٹیجک نتائج” ہو سکتے ہیں۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سلمان خورشید نے مودی کے دورہ اسرائیل کے وقت پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اس نے ایران کیخلاف متعصبانہ صف بندی اور بلا اشتعال جارحیت کی خاموش توثیق” کا تصور پیدا کیا۔ انہوں نے اپنے ایک تفصیلی بیان میں خبردار کیا کہ اس صورت حال کے بھارت کے لیے "سنگین اسٹریٹجک نتائج” ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکی اور اسرائیلی جارحیت کی بھارتی توثیق کا جو تاثر ابھر ہے وہ نئی دہلی کے قواعد پر مبنی بین الاقوامی آرڈر اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے عزم صریح منافی ہے۔
سلمان خورشید نے اپنے بیان میں، بی جے پی کی زیر قیادت این ڈی اے حکومت کو یاد دلایا کہ اسے بھارت کے اقتصادی، توانائی، جغرافیائی سیاسی اور غیر ملکی تعلقات کو نہ صرف اسرائیل بلکہ ایران، فلسطین اور وسیع تر مغربی ایشیا کے خطے کے ساتھ تعلقات کے تناظر بھی مدنظر رکھنا چاہیے۔ انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم مودی کی طرف سے متعدد ممالک کی خودمختاری کو نقصان پہنچانے والے اقدامات سے بھارت کی اصولی پوزیشن مجروح ہوتی ہے۔ سلمان خورشید نے کہا کہ بھارت کو اخلاقی برتری اور اسٹریٹجک ساکھ کو برقرار رکھنے کے لیے اصولوں کا یکسان طور پر اطلاق کرنا چاہیے۔





