میر واعظ مولانا محمد یوسف شاہ کی برسی کے سلسلے میں دعائیہ تقریب کا انعقاد

راولپنڈی: مفسرقرآن اورآزادجموں وکشمیر کے سابق صدر میر واعظ مولانا محمد یوسف شاہ کی برسی کے سلسلے میںجموں و کشمیر لبریشن سیل، کشمیر سنٹر راولپنڈی کے زیرِ اہتمام ایک خصوصی دعائیہ تقریب کا انعقاد کیاگیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اس موقع پر مقررین نے میر واعظ خاندان کی علمی و روحانی خدمات کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ مولانا محمد یوسف شاہ کی شخصیت علم و عمل کا ایک ایسا سنگم تھی جس نے تحریکِ آزادیِ کشمیر اور الحاقِ پاکستان کے نظریے کو نئی جلا بخشی۔ مقررین نے ان کے عظیم علمی شاہکار ”بیان الفرقان“کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری زبان میں قرآن مجید کا یہ ترجمہ و تفسیر وادی کے دور افتادہ علاقوں میں فہمِ قرآن کے لیے ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ میر واعظ کشمیر نے نہ صرف دینی محاذ پر خدمات سرانجام دیں بلکہ صحافت اور عالمی سفارت کاری کے ذریعے بھی کشمیریوں کی سیاسی ترجمانی کا حق ادا کیا، خاص طور پر مصر اور الجزائر جیسے اسلامی ممالک کے دورے کر کے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کیا۔ مقررین نے ان کے دورِ صدارت کو آزاد کشمیر کی تعمیر و تشکیل کا ابتدائی دورقرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نظم و نسق کی بہتری، مہاجرین کی آباد کاری اور تعلیمی اداروں کی بحالی کے لیے انقلابی اقدامات کیے۔ تقریب کے اختتام پر میر واعظ مولانا محمد یوسف شاہ کے درجات کی بلندی اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی جلد آزادی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔







