مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں پر پاکستان کا اظہار تشویش
اسلام آباد : پاکستان نے بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی جاری سنگین پامالیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اس تشویش کا اظہار ترجمان دفترِ خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے جمعرات کو اسلام آباد میں اپنی معمول کی پریس بریفنگ کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین ماہ کے دوران بھارت مقبوضہ کشمیر کی 14 سیاسی جماعتوں پر پابندی عائد کر چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں آزادی اظہارِ رائے پر پابندی کی مذمت کرتے ہیں، کشمیری سیاسی جماعتوں پر پابندی قابل مذمت ہے۔ کشمیر کے بارے میں بھارتی لیڈروں کے حالیہ بیانات کو مسترد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے جس کا حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے فلسطین میں اسرائیلی فوج کی جارحانہ کارروائیوں خاص طور پر غزہ کے شفاہسپتال پر حالیہ حملے کی شدید مذمت کی جس میں اطلاعات کے مطابق بڑی تعداد میں معصوم بچے اور خواتین سمیت عام شہری لقمہ اجل بن گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بے گناہ افراد اور شہری آبادی کو نشانہ بنانا جنگی جرائم کے زمرے میں آتا ہے۔