اڈیشہ : گزشتہ20ماہ میں فرقہ وارانہ فسادات کے54اورہجومی تشدد کے 7واقعات رپورٹ

بھونیشور:بھارتی ریاست اڈیشہ میں گزشتہ 20 ماہ کے دوران 54 فرقہ وارانہ فسادات اور ہجوم کے ہاتھوں تشدد کے 7 واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ انکشاف ریاست کے وزیر اعلیٰ موہن چرن ماجھی نے ریاستی اسمبلی میں ایک تحریری بیان کے ذریعے کیا۔ بیان میں جون 2024سے رواں سال فروری کے دوران پیش آنے والے نفرت انگیز واقعات کے اعداد و شمار پیش کیے گئے ۔وزیراعلیٰ کے بیان کے مطابق اس عرصے کے دوران فرقہ وارانہ ہنگامہ آرائی میں ملوث 298افراد کو گرفتار کیا گیا، جبکہ ہجومی تشدد کے7 واقعات میں ملوث 61افراد کو حراست میں لیا گیا۔یہ فرقہ وارانہ فسادات ریاست کے پانچ اضلاع بھدرک، ملکانگیری، بالاسور، کوراپٹ اور کھردا میں پیش آئے، جبکہ ہجومی تشدد کے واقعات دیوگڑھ، ڈھینکنال، بالاسور اور رائے گڑھ میں رپورٹ ہوئے۔
واضح رہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نے 12 جون 2024 کو اڈیشہ میں اقتدار سنبھالا تھا۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ ریاست میں فرقہ وارانہ کشیدگی اور ہجومی تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات نے امن و امان کی صورتحال اور اقلیتوں کے تحفظ کے حوالے سے تشویش کو جنم دیا ہے۔






