پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی کیلئے اہم کردار ادا کر رہا ہے: ترجمان دفترخارجہ
اسلام آباد:
پاکستان خطے میں امن کے لیے پرعزم ہے اور پاکستان کی کوششوں سے ایران امریکا جنگ بندی ممکن ہوئی، جسے عالمی سطح پر بھی سراہا گیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ترجمان دفترخارجہ نے اپنی ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی کے لیے اہم کردار ادا کر رہا ہے، اسلام آباد مذاکرات کے انعقاد میں وزیر اعظم شہباز شریف نے بھرپور کردار ادا کیا۔ نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار اور ان کی ٹیم امن مذاکرات کے انعقاد کے لیے کوشاں رہی۔اسلام آباد مذاکرات سے قبل ٹیلیفون رابطوں کے ذریعے پاکستانی قیادت عالمی رہنمائوں سے رابطے میں رہی۔انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم اس وقت 3 ملکوں کے دورے پر ہیں، ان کو مختلف ممالک کی قیادت کی ٹیلی فون کالز موصول ہوئیں، عالمی قیادت نے پاکستان کی امن کوششوں کو سراہاہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے اہم ملاقات ہوئی، امریکا ایران کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کی تعمیری اور مثبت کوششوں کو تسلیم کیا گیا، وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاکستان نے فریقین سے رابطے کے چینلز کھلے رکھے، چیف آف ڈیفنس فورسز گزشتہ روز ایران کے دورے پر پہنچے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان لبنان میں اسرائیلی جارحیت اور حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے، پاکستان نے ایس سی او(آر اے ٹی ایس)میں بھرپور شرکت کی، 4 ممالک کے سینئر حکام کے اجلاس کا اسلام آباد میں انعقاد کیا گیا، ان ممالک میں سعودی عرب، ترکیہ اود مصر شامل تھے۔







