مقبوضہ جموں وکشمیر: سرکاری ملازمین کو بھارتی یوم جمہوریہ کی مرکزی تقریب میں لازمی شرکت کی ہدایت
جموں 20 جنوری(کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں تمام سرکاری ملازمین اور پبلک سیکٹر کے اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی سرکاری ڈیوٹی کے حصے کے طور پر بھارتی یوم جمہوریہ کی مرکزی تقریب میں لازمی شرکت کریں۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محکمہ جنرل ایڈمنسٹریشن کی طرف سے جاری کردہ ایک حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ یوم جمہوریہ 2022 کی مرکزی تقریب مولانا آزاد اسٹیڈیم جموں میں منعقد ہو گی اور جموں میں تعینات سرکاری اور پبلک سیکٹر کے اداروں کے تمام افسران و اہلکاروں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اپنی سرکاری ڈیوٹی کے حصے کے طور پر اس تقریب میں شرکت کریں۔ حکمنامے میں مزید کہا کہ تمام محکموں کے سربراہان اور پبلک سیکٹر کے چیف ایگزیکٹیو مذکورہ تقریب میں اپنی اور ماتحت ملازمین کی شرکت کو یقینی بنائیں گے۔
یاد رہے کہ کشمیری جموں وکشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف بطور احتجاج بھارتی یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طورپر مناتے ہیں۔