مقبوضہ جموں و کشمیر

کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماﺅں کا گاﺅ کدل قتل عام کے شہداءکو خراج عقیدت

سرینگر21 جنوری (کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں نے گاؤ کدل قتل عام کے شہداء کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔بھارتی پیرا ملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس(سی آرپی ایف) نے21 جنوری 1990 کو سرینگر کے علاقے گاؤ کدل میں اندھا دھند فائرنگ کر کے پچاس سے زائد بے گناہ مظاہرین کو شہید کر دیا تھا۔ یہ مظاہرہ بھارتی فوجیوں کی طرف سے علاقے میں متعدد خواتین کی بے حرمتی کے خلاف کیا جارہا تھا۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظر بند چیئرمین مسرت عالم بٹ نے نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے ایک پیغام میں گاؤ کدل کے شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے بھارتی تسلط سے آزادی کے مقدس مشن کے لیے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی یاد میں ہڑتال کرنے اور دعائیہ اجتماعات منعقد کرنے پر آزادی پسند کشمیریوں کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے جامع مسجد سری نگر میں نماز جمعہ کی اجازت نہ دینے پر انتظامیہ کی مذمت کی۔ مسرت عالم بٹ نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کے لیے اقدامات کریں۔میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم جموں و کشمیر عوامی مجلس عمل نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کے قتل عام کے درجنوں واقعات پیش آئے ہیں اور قابض انتظامیہ نے اس سلسلے میں نام نہاد تحقیقاتی کمیشنوں کا بھی اعلان کیا تاہم آج تک کشمیریوں کے قتل عام میں ملوث کسی بھارتی فوجی کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما چوہدری شاہین اقبال نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں گائو کدل قتل عام کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوجی علاقے میں سنگین جرائم کا ارتکاب کر رہے ہیں اور جب تک مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں نہیں لایا جاتا بیگناہ انسانی جانوں کا ضیاع جاری رہے گا ۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماء مسرور عباس انصاری نے ایک بیان میں شہدائے گاو کدل کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ گاوکدل تاریخ کشمیر کا ایک سیاہ ترین باب ہے اور ان شہدا کی قربانیوں کوہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گائوکدل سے کنن پوشہ پورہ اور حیدرپورہ تک ہزاروں معصوم شہریوں کو بے دردی کے ساتھ شہید کیا گیا۔انہوں نے افسوس ظاہر کیاکہ 32سال گزرنے کے بعد بھی متاثرہ خاندانوںکو انصاف نہیں مل سکا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما ایڈووکیٹ ارشد اقبال نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں اس سانحہ کو ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس اندوہناک دن سرینگر کے چھوٹا بازار میں بھی کریک ڈاؤن کیا گیا جس میں ہزاروں مرد خواتین، بچے اور معمر افراد کو شدید اذیت اور تذلیل کا نشانہ بنایا گیا تھا۔انہوں نے تمام تر مشکلات کے باوجود تحریک آزادی کو منطقی انجام تک پہنچانے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما شفیق الرحمان نے سرینگر میں جاری ایک بیا ن میں گائو کدل قتل عام کے شہداء کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا یہ انتہائی افسوسناک ہے کہ بہیمانہ واقعے کے متاثرہ خاندان تین دہائیاں گزرنے کے باوجود تاحال انصاف سے محروم ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری بھارت کو مقبوضہ علاقے میں جنگی جرائم پر قانون کے کٹہرے میں لائے ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں خادم حسین اور مولانا سید سبط شبیر قمی نے سرینگر میں ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ 21 جنوری 1990 کا گاؤ کدل کا قتل عام معصوم کشمیریوں کے خلاف بھارتی جبر و استبداد کی واضح مثال ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بے رحم بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں گزشتہ 32 سالوں میں مقبوضہ علاقے میں اس طرح کے درجنوں قتل عام ہو چکے ہیں لیکن کشمیریوں نے ہمت نہیں ہاری اور وہ کشمیر پر بھارت کے ناجائز قبضے کے خلاف ڈٹے ہوئے ہیں۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما جاوید احمد میر نے سرینگر میں اپنے ایک بیان میں گاؤ کدل کے شہداء اور اپنے والد غلام نبی میر کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے والد کو 1990 میں بھارتی بارڈر سیکورٹی فورس نے دیگر سرکردہ کشمیریوں کے ساتھ گرفتار کیا تھا اور نو ماہ تک حراست میں شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا ۔ اس نے بتایا کہ غیر انسانی تشدد کے نتیجے میں اس کے بازو اور ٹانگیں مفلوج ہو گئیں جو بعد میں ان کی موت کی وجہ بن گئی۔کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے رہنما محمود احمد ساگر نے اسلام آباد میں اپنے بیان میں کہا گائو کدل قتل عام قتل و غارت گری کے سب سے خوفناک واقعات میں سے ایک ہے جو کشمیری عوام کے دل و دماغ کو چوٹ پہنچاتا رہے گا۔ انہوں نے کشمیری شہداکی عظیم قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم ان شہداء کے مقروض ہیں جنہوں نے ایک مقدس مقصد کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔حریت آزاد کشمیر شاخ کے رہنما امتیاز وانی نے اسلام آباد میں ایک بیان میں گائو کدل واقعے کو بھارتی ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال قرار دیا۔حریت آزاد جموںوکشمیر شاخ کے رہنما، مشتاق حسین گیلانی نے اسلام آباد میں اپنے ایک بیان میں کہا کہ کشمیری قابض بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں1990 میں ہونے والے گاؤ کدل قتل عام کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے ۔انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ کشمیری ہمیشہ بھارتی ریاستی دہشت گردی کا شکار رہے ہیں جیسا کہ 1947 میں بھارت نے ایک منصوبہ بندی کے تحت جموں میں انتہا پسند ہندوؤں کی مدد سے کم از کم 3لاکھ بے گناہ مسلمانوں کو شہید کیا اور تب سے کشمیری بھارتی ظلم و ستم کا مسلسل شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے پاس بھارتی قبضے سے آزادی کی جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچانے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے۔کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کی رہنماء شمیم شال اور الطاف احمد بٹ نے اسلام آبا د سے جاری اپنے الگ الگ بیانات میں کشمیری عوام اپنے ناقابل تنسیخ حق ،حق خودارادیت کے حصول کے مقدس مقصد کیلئے بے مثال قربانیاں پیش کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کا قتل عام عالمی برادری اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں کیلئے چشم کشا ہے ۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button