لبریشن الائنس کا مشتاق الاسلام کی گرتی ہوئی صحت پر اظہار تشویش

سرینگر : بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں کشمیر میں لبریشن الائنس نے جموں خطے کی کوٹ بلوال جیل میں غیر قانونی طور پر نظر بند حریت رہنما مشتاق الاسلام کی گرتی ہوئی صحت پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق لبریشن الائنس کے ترجمان سجاد میر نے سرینگر میںجاری ایک بیان کہا کہ ایک شدید بیمار قیدی کو علاج معالجے اور بنیادی طبی سہولیات سے محروم رکھنا انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں کشمیر کی جیلوں میں نظربند سیاسی و سماجی رہنماں کے ساتھ روا رکھا جانے والا رویہ بھارتی حکومت کی سخت گیر ہندوتوا پالیسیوں اور ریاستی جبر کا تسلسل ہے ، جس کے نتیجے میں قیدیوں کی زندگیاں سخت خطرے سے دوچار ہیں۔سجاد میر نے مطالبہ کیا کہ مشتاق الاسلام کو فوری طور پر رہا کیا جائے تاکہ وہ اکسی معیاری ہسپتا ل میں مکمل علاج معالجہ کروا سکیں ، بصورتِ دیگر کسی بھی ناخوشگوار صورتحال کی مکمل ذمہ داری متعلقہ بھارتی حکام پر عائد ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ جیلوں میں نظربند افراد کو طبی سہولیات سے محروم رکھنا ایک خطرناک رجحان ہے ، جو انسانی وقار اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ترجمان نے اقوامِ متحدہ ، عالمی ریڈ کراس اور دیگر بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں سے فوری مداخلت کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مشتاق الاسلام کی بگڑتی ہوئی صحت پر فوری توجہ نہ دی گئی تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔






