منی پور :فوڈ پوائزننگ کے باعث بی ایس ایف کے 78اہلکارہسپتال منتقل
امپھال:بھارتی ریاست منی پور میں بارڈر سکیورٹی فورس کی 58ویں بٹالین کے کم از کم 78اہلکاروں کو فوڈ پوائزننگ کے باعث ہسپتال منتقل کیا گیاہے۔
منی پور کے علاقے لامشانگ میں تعینات نئے اہلکاروں کو ناشتے کے بعد مسلسل الٹیاں آنے لگیں۔ انہیں طبی امداد کے لیے ریجنل انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں داخل کرایا گیا۔آر آئی ایم ایس کے قائم مقام سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر موئرانگتھم رامیشور سنگھ نے میڈیا کو بتایا کہ ناشتے کے بعد اہلکاروں کو الٹیاں شروع ہوئیں۔ اس کے بعد بٹالین کی ایک پوری کمپنی کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ڈاکٹر سنگھ کے مطابق، واقعے کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہے۔ ہسپتال کے عملے کے مطابق زیر علاج کسی بھی اہلکار کی حالت تشویشناک نہیں ہے۔ایک متاثرہ اہلکار نے میڈیا کوبتایا کہ وہ جمعرات کوریاست چھتیس گڑھ سے لامشانگ میں 58ویں بی ایس ایف بٹالین کے کیمپ پہنچے تھے۔ اگلی صبح ناشتہ کرنے کے بعد انہیں بے چینی محسوس ہوئی اور الٹیاں شروع ہوگئیں۔
متاثرہ اہلکاروں کا علاج معالجہ جاری ہے۔ فوجی حکام واقعے کی وجوہات کا تعین کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔









