بھارت: دلت خاتون کے ساتھ ذات پات کی بنیاد پر بدسلوکی، جان سے مارنے کی دھمکیاں

لکھنو: بی جے پی کے زیر اقتدار بھارتی ریاست اتر پردیش میں ایک دلت خاتون کو ذات پات کی بنیاد پر حملے ، بدسلوکی اور جان سے مارنے کی دھمکیوں کا سامنا کرنا پڑا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ضلع کوشامبی کے علاقے بیرس پور سے تعلق رکھنے والی سیما دیوی نے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کو شکایت درج کراتے ہوئے ملزمان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔خاتون کا کہنا ہے کہ جب اس کے بیٹے نے ایک دیہاتی کی طرف سے ذات پات کی بنیاد پر طعنہ زنی پر اعتراض کیا تو ملزم نے اپنے رشتہ داروں کو بلایا جنہوں نے اس پر لاٹھیوں سے حملہ کیا جس سے اس کے سر میں چوٹیں آئیں۔ جب سیما دیوی نے مداخلت کرنے کی کوشش کی تو اس پر بھی حملہ کیا گیا۔ سیما دیوی نے کہا کہ ملزمان نے ہمیں دھمکی دی کہ اگرتم نے پولیس سے رجوع کیا تو تمہارے پورے خاندان کو قتل کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انہی افراد نے پہلے بھی ان کے رشتہ داروں پر حملہ کیا تھا۔







