مقبوضہ جموں و کشمیر

کشمیری تاجر ظہور احمد وٹالی تہاڑ جیل میں انتہائی علیل ، طبی سہولیات سے محروم


سرینگر 24 جنوری (کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیری کاروباری شخصیت ظہور احمد وٹالی کی بگڑتی ہوئی صحت پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ عمر رسیدہ وٹالی متعدد عارضوں میں مبتلا ہیں اور علاج ومعالجے کی بار بار کی درخواستوں کے باوجود جیل حکام نے ان پر کان نہیں دھرا۔ انہوں نے کہا کہ تہاڑ جیل میں ظہوروٹالی کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ ترجمان نے ان کے اہل خانہ کے حوالے سے کہا کہ علیل تاجر کو مناسب علاج اور دیگر بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے۔حریت ترجمان نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل پر زور دیا کہ وہ تہاڑ جیل میں نظربندمزاحمتی تحریک سے وابستہ کشمیریوںکی بگڑتی ہوئی صحت کا سنجیدہ نوٹس لے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما شیخ عبد المتین نے ایک بیان میں کہاکہ ظہور احمد وٹالی کو دہلی کے ایک ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا لیکن مناسب علاج نہ ملنے کی وجہ سے ان کی صحت روز بروز بگڑتی جارہی تھی ۔انہوں نے کہاکہ انہیں اسی حالت میں ایک بارپھر تہاڑ جیل منتقل کیا گیا جسکی وجہ سے انکی زندگی کو شدید خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔ شیخ عبد المتین نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر اور بھارت کی جیلوں میںنظربند کشمیری حریت رہنماﺅں اور کارکنوں کو علاج ومعالجے کی مناسب سہولیات فراہم کرانے کے لئے اپنا اثرورسوخ استعمال کریں۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے اپیل کی کہ وہ کورونا وائرس کی خطرناک لہر کے پیش نظر تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button