کشمیری گزشتہ 76برس سے حل طلب تنازعہ کشمیر کا خمیازہ اٹھارہے ہیں
سرینگر: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ بھارتی ریاستی دہشت گردی کی وجہ سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں خونریزی مسلسل جاری ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں سلیم زرگر، یاسین عطائی، خواجہ فردوس، جاوید احمد میر، اقبال میر اور امتیاز ریشی نے سرینگر میں اپنے بیانات میں کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ 76برس سے حل طلب تنازعہ کشمیر کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیاکہ بھارت نے کشمیری عوام پر ظلم و بربریت کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں لیکن وہ کشمیریوں کے جذبہ حریت کوکمزورکرنے میں ناکام رہا ہے۔حریت رہنمائوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں بے گناہ کشمیریوں کا قتل عام جاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ فوجیوں نے گزشتہ ماہ اکتوبر میں 17کشمیریوں کو شہید کیا ہے اور ان کشمیریوں کے قتل کا مقصد مقبوضہ علاقے میں خوف ودہشت کا ماحول پیدا کرنا تھا۔ ان کا مزیدکہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیرمیں سفاک بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کا قتل عام رکوانے کیلئے عالمی برداری کو بھارت پر دبائو بڑھانا چاہیے۔حریت رہنمائوں نے کہا کہ عالمی برادری کومقبوضہ کشمیرمیں مودی حکومت کی ظلم وبربریت کا نوٹس لیناچاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کئے بغیر کشمیری عوام کودرپیش مشکلات اور مصائب ختم نہیں ہو سکتے ۔