بھارتی آرمی چیف کا مقبوضہ کشمیر کا دورہ
آپریشنز اور کنٹرول لائن کی صورتحال کا جائزہ لیا

سرینگر: بھارتی آرمی چیف جنرل دھیرج سیتھ نے غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں چنار کور کے ہیڈکوارٹرز اور مختلف فارمیشنز کا دورہ کیا، جس میں راجوری، شوپیان میں جاری آپریشنز، لائن آف کنٹرول اور دیگرعلاقوں کی صورتحال پر توجہ مرکوز کی گئی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق، ناردرن کمان کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل پرتک شرما اور چنار کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل بلبیر سنگھ کے ہمراہ، آرمی چیف کو مقبوضہ علاقے میں جاری فوجی کارروائیوں، ایل او سی کی صورتحال اور جاری ہندوامرناتھ یاترا کے انتظامات سے متعلق بریفنگ دی گئی۔جنرل سیتھ نے ٹیکنالوجی کے انضمام اور مربوط جنگی تیاریوں سے متعلق اقدامات کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے کپواڑہ میں 28 انفنٹری ڈویژن اور مانسبل میں راشٹریہ رائفلز سیکٹر کا دورہ کیا، جہاں ہندو یاترا کیلئے فوجی گرڈز کا معائنہ کیا۔یہ دورہ 30 جون کو آرمی چیف کا عہدہ سنبھالنے کے فوری بعد کیا گیا ہے۔ منگل کو انہوں نے سرینگر میں بھارت کے مقررکردہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور وزیراعلیٰ عمر عبداللہ سے بھی ملاقات کی۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ بھارتی فوجی قیادت کے اس طرح کے اعلیٰ سطح کےدورے کا مقصدکشمیریوں کی بڑھتی ہوئی مزاحمت کے درمیان مقبوضہ کشمیر پر کنٹرول کو مزید سخت کرنا ہے۔






