محمد فاروق رحمانی کا 1947 کے مجاہدینِ آزادیِ کو خراجِ عقیدت
اسلام آباد: کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے سینئر رہنما اور پیپلز فریڈم لیگ کے چیئرمین محمد فاروق رحمانی نے آزاد جموں و کشمیر کے بانی صدر سردار محمد ابراہیم خان، مسلم کانفرنس کی قیادت، ان کے رفقا اور ان تمام مجاہدینِ آزادی کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ہے جنہوں نے 19 جولائی 1947 کو نہایت مشکل اور پرآشوب حالات میں سرینگر میں قراردادِ الحاقِ پاکستان کی منظوری میں تاریخی اور کلیدی کردار ادا کیا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محمد فاروق رحمانی نے اسلام آبادمیں جاری ایک بیان میں کہا کہ تحریکِ آزادی کے بیس کیمپ کے طور پر آزاد جموں و کشمیر کا قیام بالخصوص خطے کے نوجوانوں کی ایک عظیم تاریخی کامیابی تھی، جس نے بعد ازاں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعدد قراردادوں کی راہ ہموار کی، جن میں ریاست جموں و کشمیر کے پورے عوام کے حقِ خودارادیت کو تسلیم کیا گیا۔محمد فاروق رحمانی نے آزاد جموں و کشمیر کی حکومت اور عوام پر زور دیا کہ وہ اس خطے کو حقیقی معنوں میں ایک فلاحی، جمہوری اور عوام دوست ریاست بنانے کے لیے عملی اقدامات کریں اور بھارت کے غیر قانونی قبضے میں موجود ریاست کے باقی حصے کی آزادی کے عزم کی تجدید کریں۔
محمد فاروق رحمانی نے ضلع ڈوڈہ کے علاقے بھدرواہ میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں ایک بے گناہ نوجوان کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فورسز کی جانب سے مقبوضہ جموںوکشمیرکے مختلف علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں بلااشتعال اور جابرانہ اقدامات ہیں۔






