مسلح افواج کا ” حقِ خودارادیت “کے حصول کی کشمیریوں کی جدوجہد کیلئے غیر متزلزل حمایت کا اعادہ

راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے آج ’ ’ یوم استحصال کشمیر “کے موقع پر جاری کیے گئے ایک میں کہا گیا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے عوام سے بھر پور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ”آئی ایس پی آر“ کے بیان میں کہا گیا کہ مسلح افواج نے بھارت کے غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی کو دہرایا اور حقِ خودارادیت کے حصول کی کشمیریوں کی جائز جدوجہد کے لیے غیر متزلزل حمایت کا عزم ظاہر کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارتی فورسز کا مسلسل غیر قانونی قبضہ، بھارتی فوجی محاصرہ، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں، آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوششیں شدید تشویش کا باعث ہیں۔
”آئی ایس پی آر“ کے بیان میں کہا گیا کہ بھارت کے اشتعال انگیز بیانات اور جارحانہ طرزِ عمل خطے میں عدم استحکام کو مزید بڑھانے کی وجہ بن رہے ہیں، جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام کا انحصار مسئلہ جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل پر ہے،یہ حل کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستانی عوام،مسلح افواج بھارت کے غیرقانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر کے شہداءکو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں اورکشمیریوں کی آزادی کی جائز اور برحق جدوجہد میں شانہ بشانہ کھڑے رہنے کے غیر متزلزل عزم کو دہراتے ہیں۔
یا درہے کہ بھارتی حکومت نے 5اگست 2019کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارتی آئین کی 370 اور35اے ختم کر دی تھیں جن کے تحت بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر کو خصوصی حیثیت حاصل تھی۔ بھارتی حکومت کے غیر قانونی اقدامات کے خلاف کنٹرول لائن کے دونوں طرف، پاکستان اور دنیا بھر میں کشمیری آج” یوم استحصال کشمیر“ منا رہے ہیں ۔







