تنازعہ کشمیر حل کئے بغیر جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا، مسرت عالم بٹ
سرینگر28 جنوری (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ نے کہا ہے کہ تنازعہ کشمیر 1947میں برصغیر پاک و ہند کی تقسیم کا ادھورا ایجنڈا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مسرت عالم بٹ نے نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے جاری اپنے ایک پیغام میں کہا کہ تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کئے بغیر جنوبی ایشیا اور دنیا بھر میں پائیدار امن اورسلامتی قائم نہیں ہوسکتی۔ حریت چیئرمین نے کشمیریوں کی جاری مزاحمتی تحریک کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ تاریخی حقائق اور عالمی برادری کی اخلاقی اور سیاسی حمایت پر مبنی عوامی تحریک بھارتی قابض افواج کے ظالمانہ ہتھکنڈوں کے باوجودیقینا کامیاب ہو گی ۔ مسرت عالم بٹ نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر بھی سخت تشویش کا اظہار کیا اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے جلد حل پر زور دیا۔انہوں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ کشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق ، حق خودارادیت کے جائز مطالبے کو دبانے کیلئے بھارت کی طرف سے وحشیانہ فوجی طاقت کے استعمال کاسخت نوٹس لے اور مقبوضہ علاقے میں انسانی حقو ق کی سنگین پامالیاں ، نسل کشیُ،جبری گرفتاریوں، ماورائے عدالت قتل اور سنگین جرائم کو رکوانے کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائے ۔