آغا سید حسن کا پونچھ سڑک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے زیاں پر اظہار افسوس

سرینگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن موسوی الصفوی نے پونچھ میں پیش آنے والے المناک سڑک حادثے میں چھ قیمتی انسانی جانوں کے زیاں، کشتواڑ میں ایک کمسن بچی کی آبروریزی اور قتل اور نیپال میں تباہ کن سیلاب کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر جانی نقصان پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق آغا سید حسن نے کہا کہ سڑک حادثات میں مسلسل ہونے والا جانی نقصان انتظامیہ، متعلقہ اداروں کے لیے سنجیدہ غور و فکر کا متقاضی ہے۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی تعزیت، متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ انہوں نے کشتواڑ میں کمسن بچی کے ساتھ مبینہ زیادتی اور اس کے قتل کے افسوسناک واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معصوم بچوں کے خلاف جنسی تشدد اور قتل جیسے جرائم کسی بھی مہذب معاشرے کے لیے ناقابل قبول ہیں۔
انہوں نے واقعے کی آزادانہ اور منصفانہ تحقیقات اور مجرموں کو کڑی سے کڑی سزا دینے کا مطالبہ کیا۔ آغا سید حسن نے عوام پر زور دیا کہ ایسے حساس معاملات میں افواہوں اور غیر مصدقہ اطلاعات سے گریز کریں۔






