عوامی مجلس عمل کا مولانا محمد یاسین ہمدانی کو ان کی برسی پر زبردست خراج عقیدت
سرینگر29جنوری (کے ایم ایس) غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموںوکشمیر میںجموںوکشمیر عوامی مجلس عمل نے سرکردہ عالم دین اور خطیب میرواعظ مولانا محمد یاسین ہمدانی کو ان کے29ویں یوم وصال پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق عوامی مجلس عمل نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ مرحوم مولانامحمد یاسین ہمدانی نے کم و بیش چار دہائیوںتک کشمیری عوام کی دینی خدمت اوررہنمائی کی ہے ۔ بیان میں کہاگیاکہ محمد یاسین ہمدانی اپنے قابل قدر خانوادے کے ایک ممتاز فرد تھے اور ا ن کے میرواعظ خاندان کے ساتھ انتہائی قریبی مراسم اور تعلقات تھے۔بیان میں کہا گیا کہ موئے مقدس آنحضرتﷺ کی بازیابی کی تحریک میں میرواعظ مولوی محمد فاروق کی قیادت میں دیگر معاصر رہنماﺅں کے ساتھ ساتھ مرحوم مولانا ہمدانی نے بھی گرانقدر کردار ادا کیا اورشہید ملت کے ساتھ ہمیشہ رابطے میں رہے۔ عوامی مجلس عمل نے مرحوم مولانا ہمدانی کی خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیتے ہوئے اپنی قیادت خاص طور پر 5 اگست 2019 سے غیر قانونی اور غیر اخلاقی طور پر نظر بند میرواعظ عمر فاروق کی جانب سے بارگاہ خداوندی میں انکے درجات کی بلندی اور جنت نشینی کیلئے خصوصی دعا کی۔