کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود حل طلب تنازعہ ہے: ترجمان دفتر خارجہ
بھارتی دعوئوں اور ہتھکنڈوں سے کشمیر کی متنازع حیثیت تبدیل نہیں ہو سکتی
اسلام آباد : پاکستان نے دوٹوک الفاظ میں کہاہے کہ جموں و کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود حل طلب تنازعہ ہے، بھارتی دعوئوں اور ہتھکنڈوں سے کشمیر کی متنازع حیثیت تبدیل نہیں ہو سکتی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان سجاد حیدر خان نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی مذمت کی ۔انہوں نے کہا کہ غیر قانونی طورپر نظربند حریت رہنما یاسین ملک کی صحت کے معاملے پر تشویش ہے، پاکستان یاسین ملک کی غیر قانونی قید کی مذمت کرتا ہے، ان کا بیانِ حلفی بھارتی عدالتی نظام کے منہ پر طمانچہ ہے۔ ترجمان نے پاکستان نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ یاسین ملک کی صحت کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے۔سجاد حیدر خان نے کہا کہ پاکستان 5 ستمبر کو سہارنپور میں تاریخی مسجد مسمار کیے جانے کی سختی سے مذمت کرتا ہے۔بھارت میں مذہبی آزادیوں کا احترام کیاجانا چاہیے اور کسی بھی مذہبی مقام کے خلاف کارروائی قابل مذمت ہے۔بھارت کے دہشت گردی میں مبینہ کردار کے حوالے سے ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں بھارت کے ملوث ہونے کے واضح شواہد موجود ہیں۔ کینیڈا، امریکا، آسٹریلیا اور دیگر ممالک میں بھی بھارت کی مبینہ دہشت گرد سرگرمیوں کے شواہد سامنے آئے ہیں۔ سجاد خان نے کہاکہ پاکستان سمیت عرب اور اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ نے غزہ سے فلسطینیوں کی جبری بے دخلی سے متعلق اسرائیلی بیانات اور تجاویز مسترد کرتے ہوئے آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔








