صدر آزاد کشمیر کا تنازعہ کشمیر کے پرامن حل پر زور
مظفر آباد: آزاد جموں و کشمیر کے صدر ڈاکٹر محمد نجیب نقی نے تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوںکے مطابق پرامن طورپر حل کرنے پر زور دیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ڈاکٹر محمد نجیب نقی نے یہ بات یورپی ارکان پارلیمنٹ کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جس نے ان سے ملاقات کی۔صدر نے تنازعہ کشمیر کو محض علاقائی نہیں بلکہ بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کئی دہائیوں سے اپنے سیاسی، انسانی اور جمہوری حقوق کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کاتنازعہ کشمیر کے منصفانہ حل سے گہرا تعلق ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں اور پارلیمانی فورمز کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال کا جامع جائزہ لینا چاہیے۔ڈاکٹر نجیب نقی نے یورپی یونین پر زور دیا کہ وہ انسانی حقوق، جمہوریت، قانون کی حکمرانی اور پائیدار امن کے فروغ میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے اور کشمیری عوام کی خواہشات کے بارے میں عالمی سطح پر آگاہی اجاگر کرنے میں مدد دے۔انہوں نے تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کے لیے پاکستان کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کو بھی اجاگر کیا اور خطے کی صورتحال کو سمجھنے میں دلچسپی لینے پر دورہ کرنے والے ارکانِ پارلیمنٹ کا شکریہ ادا کیا۔بعد ازاں وفد نے آزاد کشمیر کے سیاحتی امکانات، ثقافتی ورثے اور معدنی وسائل کو اجاگر کرنے والے اسٹالز کا دورہ کیا اور ثقافتی پروگراموں اور ایک دستاویزی فلم کی نمائش میں شرکت کی۔ڈاکٹر نجیب نقی نے یورپی پارلیمنٹ کی رکن میری خان کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔






