ہندوتوا ایجنڈے کی مخالفت پر کشمیری پنڈت کارکن بھارت میں گرفتار
پنن کشمیر کے خلاف آواز اٹھانے پر راکیش ہنڈو پر آئی ٹی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج
سرینگر:غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ہندوتوا ایجنڈے اور آر ایس ایس کی سرپرستی میں قائم پنن کشمیر کی مخالفت کرنے والے ایک کشمیری پنڈت کارکن کو بھارت میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق59سالہ راکیش ہنڈو کو 17اکتوبر کو بھارتی ریاست ہریانہ کے شہر فریدآباد میں اس کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا۔ اس کے خلاف بارہمولہ پولیس اسٹیشن میں انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
پولیس کا الزام ہے کہ راکیش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کے ذریعے اقلیتی ملازمین اور تارکینِ وطن کارکنوں کے خلاف دھمکی آمیز پوسٹر پھیلائے۔ راکیش کا سوشل میڈیا اکائونٹ مبینہ طور پر یونائیٹڈ لبریشن کونسل سے منسلک بتایا گیا ہے۔
راکیش نے 2008 میں سرینگر کے حلقہ حضرت بل سے مقبوضہ جموں و کشمیر اسمبلی کا انتخاب بھی لڑا تھا۔ تاہم وہ نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ کے مقابلے میں کامیاب نہیں ہو سکے تھے۔اطلاعات کے مطابق، راکیش کی گرفتاری روہت رائنا کی شکایت پر عمل میں آئی۔ پولیس نے دھمکی آمیز پوسٹروں کے معاملے میں دونوں کے درمیان رقابت کو بھی وجہ قرار دیا ہے۔
تاہم، معتبر ذرائع کا دعوی ہے کہ راکیش مقبوضہ علاقے میں بھارتیہ جنتا پارٹی)، راشٹریہ سویم سیوک سنگھ اور پنن کشمیر کے ایجنڈے کے خلاف آواز اٹھاتے رہے ہیں۔
انہوں نے اگست میں سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے یو ایل سی کے دھمکی آمیز پوسٹروں کی تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔ ان پوسٹروں میں کشمیر میں خصوصی ملازمت پیکیج کے تحت تعینات کشمیری پنڈت ملازمین کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ ان دھمکیوں سے ملازمین میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔
راکیش نے مطالبہ کیا تھا کہ ان دھمکیوں کے پس پردہ اصل عناصر کی شناخت کی جائے۔
مبصرین کا خیال ہے کہ انہیں پنن کشمیر کی مخالفت اور ہندوتوا قوتوں کے خلاف آواز اٹھانے پر نشانہ بنایا گیا ہے۔ ان کے مطابق بی جے پی حکومت ایسے کشمیری پنڈتوں کی آواز بھی دبانا چاہتی ہے جو اس کے نظریاتی ایجنڈے کی حمایت نہیں کرتے۔








