کنٹرول لائن کے قریب جنگل اورکپواڑہ ملٹری اسٹیشن میںآتشزدگی کے واقعات
لوگوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا
سرینگر:غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ کی تحصیل مینڈھر میں کنٹرول لائن کے ساتھ واقع جنگل میں آگ لگنے سے مقامی لوگوں میں تشویش پیدا ہو گئی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مینڈھر کے علاقے لانجوئیٹ-بالاکوٹ کے جنگل کے علاقے سے آگ کے شعلے اور دھوئیں کے گہرے بادل اٹھتے دکھائی دے رہے ہیں۔
آگ لگنے کے بعد بھارتی فوج نے علاقے میں نگرانی بڑھا دی اور چوکسی میں اضافہ کر دیاہے۔ تاہم فوری طورپر آگ لگنے کی وجہ اور نقصانات کا اندازہ نہیں لگایاجاسکا ہے ۔مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
ایک اور واقعے میں، ضلع کپواڑہ کے علاقے لاوسہ ماور میں واقع بھارتی ملٹری اسٹیشن کے اندر آگ بھڑک اٹھی ، جس سے فوجی اہلکاروں اور قریبی دیہات کے لوگوں میں سخت خوف و ہراس پھیل گیا ۔ بعد ازاں آگ پر قابو پا لیا گیا۔قابض حکام نے میڈیا کو بتایا ہے کہ واقعے میں کسی بڑے نقصان یا کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ آگ لگنے کی وجہ معلوم کرنے کیلئے تحقیقات جاری ہیں۔KMS-Y









