مقبوضہ جموں و کشمیر

مقبوضہ جموں و کشمیر میں امتحانی بے ضابطگیوں کے خلاف طلباء کا احتجاج، تحقیقات کا مطالبہ

سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر کے علاقے رام بن میں طلباء نے امتحانی نقل کے منظم نیٹ ورک اور بھرتیوں کے عمل میں بار بار سامنے آنے والی بے ضابطگیوں کے خلاف احتجاج کیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جموں و کشمیر اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن(جے کے ایس اے)نے احتجاجی مظاہرے کو منظم کیا۔ مظاہرین کی قیادت ایسوسی ایشن کے جوائنٹ سیکریٹری ایڈووکیٹ مبشر احمد کر رہے تھے۔ انہوں نے فنانس اکاونٹس اسسٹنٹ (ایف اے اے)کے امتحان میں نقل کے معاملے اور جموں و کشمیر سروسز سلیکشن بورڈ(جے کے ایس ایس بی) کی بھرتیوں میں بے ضابطگیوں کی سی بی آئی سے آزادانہ تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ان واقعات کی منصفانہ، غیر جانبدارانہ اور مقررہ مدت میں تحقیقات کرائی جائے تاکہ اصل ذمہ داروں کی نشاندہی کی جائے، نیٹ ورک کو بے نقاب کیاجائے اور ادارہ جاتی کوتاہیوں کا احتساب یقینی بنایا جائے۔طلبا نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ آئندہ ہونے والے جموں و کشمیر پولیس سب انسپکٹراور پولیس کانسٹیبل کے امتحانات فوری طور پر ملتوی کیے جائیں۔ ان کے مطابق امتحانی بدعنوانی کی مکمل تحقیقات اور امیدواروں کے تحفظات دور کیے جانے تک امتحانات نہیں ہونے چاہئیں۔
احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے ایڈووکیٹ مبشر نے کہا کہ امتحانی گھپلے، پرچہ لیک ہونے کے الزامات اور بھرتیوں کے تنازعات نے بھرتی عمل پر عوامی اعتماد کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف تحقیقات کا اعلان یا تفتیشی ٹیمیں تشکیل دینا کافی نہیں۔ ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانا اور نظام کی خامیوں کو موثر طور پر دور کرنا ضروری ہے۔
ایڈووکیٹ مبشر نے کہا کہ منصفانہ اور قابلِ اعتماد امتحانات یقینی بنانے میں مسلسل ناکامی نوجوانوں میں مایوسی، اضطراب ، ذہنی دباو اوراحساس محرومی بڑھا سکتی ہے۔ یہ خاص طور پر ان نوجوانوں کے لیے تشویش ناک ہے جو محدود روزگار کے مواقع کے باوجود برسوں سے سرکاری ملازمتوں کی تیاری کر رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھرتی کے امتحانات شفاف، قابلِ اعتماد اور میرٹ کی بنیاد پر منعقد کیے جائیں۔
ایسوسی ایشن نے حکام سے مطالبہ کیا کہ محض یقین دہانیوں سے آگے بڑھیں، ہر سطح پر احتساب یقینی بنائیں، بامعنی ادارہ جاتی اصلاحات کریں اور جموں و کشمیر کے نوجوانوں کا سرکاری بھرتی نظام پر اعتماد بحال کریں۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button