ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کا عرفان شاہ کی المناک موت پر اظہارِ افسوس
اسلام آباد:جموں و کشمیرڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے عرفان حسن شاہ کی المناک موت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، جو مبینہ طور پر کنٹرول لائن کے دوسری جانب اپنے بچوں سے دوبارہ ملنے کی کوشش کے دوران دریائے نیلم میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے تھے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے قائم مقام چیئرمین محمود احمد ساگر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ المناک واقعہ جموں و کشمیر کی تقسیم کے انسانی المیے اور ان پابندیوں کی سنگین عکاسی کرتا ہے، جو بچھڑے ہوئے کشمیری خاندانوں کو ایک ساتھ زندگی گزارنے کے حق سے محروم رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عرفان حسن شاہ کی دردناک داستان ان بے شمار کشمیریوں کی اذیت، بے بسی اور ذہنی کرب کی ترجمان ہے، جو اپنے عزیزوں سے جدا زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عرفان حسن شاہ 1990 کی دہائی میں آزاد کشمیر ہجرت کرنے کے بعد مظفرآباد میں آباد ہوگئے تھے، تاہم 2012 میں اپنے عمر رسیدہ والدین کی دیکھ بھال کے لیے مقبوضہ کشمیرواپس چلے گئے تھے جہاں انہیں مبینہ طور پر حراست اور تشدد کا سامنا کرنا پڑا۔ 2025 میں ان کے خاندان کو آزاد کشمیر واپس بھیجے جانے کے بعد وہ اپنے بچوں سے جدا ہوگئے۔
محمود احمد ساگر نے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک ہے کہ لوگوں کو اپنے خاندانوں سے دوبارہ ملنے کی کوشش میں اپنی زندگی خطرے میں ڈالنے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادیِ نقل و حرکت اور خاندان کے ساتھ زندگی گزارنےکا حق بنیادی انسانی حقوق میں شامل ہے جس سے سیاسی پابندیوں یا کشمیر کے حل طلب تنازعے کی بنیاد پر محروم نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے اقوام متحدہ، بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں اور عالمی حکومتوں پر زور دیا کہ وہ بچھڑے ہوئے کشمیری خاندانوں کی حالت زار کا فوری نوٹس لیں اور انہیں دوبارہ اکھٹاہونے، نقل و حرکت پر پابندیوں میں نرمی اور لوگوں کے بنیادی حقوق و انسانی وقار کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کریں۔
محمود احمد ساگر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے جموں و کشمیر تنازعے کا منصفانہ اور پُرامن حل ضروری ہے، جو کشمیری عوام کی امنگوں اور ان کے بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حقِ خودارادیت کے مطابق ہو۔محمود احمد ساگر نے عرفان حسن شاہ کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔








