اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر پر اپنے موقف کے اعادے کے ساتھ عملی اقدامات بھی کرے: غلام محمد صفی
اسلام آباد: کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اقوام متحدہ کو اپنے موقف کے اعادے کے ساتھ ساتھ عملی اور موثر اقدامات بھی کرنا ہوں گے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اسلام آباد میں غلام محمد صفی کی زیر صدارت حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے ایک اجلاس میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی موجودہ سنگین صورتحال، مسئلہ کشمیر کے عالمی و سفارتی پہلوئوں اور اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس کے شرکا نے جموں و کشمیر کو حل طلب اور متنازع مسئلہ قرار دینے کے حوالے سے اقوام متحدہ کے موقف کے اعادے کا خیرمقدم کیا۔ تاہم انہوں نے کہا کہ محض بیانات اور موقف دہرانے سے کشمیری عوام کی مشکلات کا ازالہ ممکن نہیں۔حریت رہنمائوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کا تنازع کئی دہائیوں سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود ہے اور اس حوالے سے عالمی ادارے نے متعدد قراردادیں بھی منظور کی ہیں، جن میں کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کو تسلیم کیا گیا ہے۔غلام محمد صفی نے کہا کہ سلامتی کونسل کی قراردادیں محض تاریخی دستاویزات نہیں بلکہ اقوام متحدہ کی ذمہ داری اور عالمی برادری کے وعدوں کا امتحان ہیں۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی اقدامات، سیاسی سرگرمیوں پر پابندیوں اور انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں پر عالمی برادری کو فوری توجہ دینا ہوگی۔ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں فوجی طاقت کا استعمال، سیاسی سرگرمیوں پرعائد پابندی، انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اور کشمیری عوام کو ان کے بنیادی حق سے محروم رکھنے کا سلسلہ عالمی برادری کی فوری توجہ کا متقاضی ہے۔غلام محمد صفی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ بھارت پرسفارتی دبائو ڈالیں اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لیے عملی اقدامات کریں۔اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کشمیری عوام کی آواز عالمی اور سفارتی فورمز پر بلند کرتی رہے گی اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پائیدار حل کے لیے سیاسی و سفارتی جدوجہد جاری رکھے گی۔








