مقبوضہ کشمیر:قابض انتظامیہ نے محکمہ تعمیرات عامہ کے پانچ افسران معطل کر دیے
سرینگر:غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے ضلع سانبہ میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی قیادت میں بھارتی قابض انتظامیہ نے محکمہ تعمیرات عامہ کے پانچ افسران کو معطل کر دیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض انتظامیہ نے ضلع سانبہ میں پی ایم جی ایس وائی-III اسکیم کے تحت 181.60 میٹر طویل پل کی تعمیر میں مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات تک محکمہ تعمیرات عامہ کے پانچ افسران کو معطل کیا ہے۔
25 نومبر کو جاری کیے گئے سرکاری حکم نامے کے مطابق، افسران کو جموں و کشمیر سول سروسزرولز1956 کی دفعہ 31 کے تحت فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔
معطل ہونے والوں میں نوشہرہ میں تعمیرات عامہ ڈویژن کے ہیڈ ڈرافٹسمین کُشل برو، جموں میں پی ایم جی ایس وائی ڈویژن کی ہیڈ ڈرافٹسمین انجنا، جموں میں ڈی آئی کیو سی کے ڈرافٹسمین ارون کمار، چیف انجینئر پی ایم جی ایس وائی جموں کے دفتر کے ڈرافٹسمین سنی شرما، اور ادھم پور میں پی ایم جی ایس وائی ڈویژن کے کمپیوٹر آپریٹر چندن شامل ہیں۔
محکمہ تعمیرات عامہ کی جانب سے جاری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ یہ کارروائی 19 نومبر 2026 کے حکومتی آرڈر نمبر 394-PW(R&B) کے تسلسل میں افسران کے طرز عمل کی تحقیقات تک کی گئی ہے۔
معطلی کی مدت کے دوران تمام پانچ افسران سپرنٹنڈنگ انجینئر، تعمیرات عامہ سرکل، کٹھوعہ-سانبہ کے دفتر سے وابستہ رہیں گے اور انہیں قواعد کے تحت گزارہ الاؤنس دیاجائےگا۔








