مقبوضہ جموں وکشمیر:قابض حکام نے کشمیری نوجوان کو مجاہدین کا معاون قراردیکرجیل بھیج دیا
سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں قابض حکام نے اپنی ریاست دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں آج ضلع پلوامہ کے علاقے چرسو ترال سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان کو کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت جیل بھیج دیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نوجوان کو مجاہدین کاایک اوور گرائونڈ ورکر قراردیکر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا گیا۔ اسے ڈسٹرکٹ جیل کشتواڑ منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے دعویٰ کیا کہ جیل بھیجے گئے شہری کو ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ پلوامہ کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے کے بعد گرفتارکیاگیاجو اس طرح کے احکامات جاری کرنے کے مجاز ہے۔
گرفتارکئے گئے شہری کی شناخت دائو احمد پرے ولد غلام محمد پرے ساکن کٹہ پورہ چرسو کے طور پر ہوئی ہے۔ اسے ڈسٹرکٹ جیل کشتواڑ میں نظربند کردیاگیا ہے۔
واضح رہے اگست2019کے بعد جب بی جے پی حکومت نے مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کردی ،کشمیریوں باالخصوص نوجوانوں کو نشانہ بنانے اورانہیں سلاخوں کے پیچھے دھکیلنے کا سلسلہ تیز کردیاگیا ہے تاکہ حق خودارادیت کے لئے کشمیریوں کی جائز جدوجہد کو دبایاجاسکے۔






