ہائی کورٹ نے کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت نظربندی کے3 احکامات کالعدم قرار دے دی
پی ایس اے کے تحت نظربندیاں کشمیر میں من مانی گرفتاریوں اور جبر کے ماحول کو بے نقاب کرتی ہیں
سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں ہائی کورٹ نے کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت نظربندی کے تین احکامات کالعدم قرار دیتے ہوئے متعلقہ افراد کو فوری رہا کرنے کی ہدایت کی ہے، تاہم عدالت نے ایک اورشخص کی نظربندی برقراررکھی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جسٹس سنجے دھر نے فیضان اختر بٹ کی نظربندی برقرار رکھی۔ انہیں 2 جون 2025 کو سرینگر کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے حکم پر گرفتار کرکے نظر بند کیا گیا تھا۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ فیضان اختر بٹ ایک کالعدم تنظیم کے لیے رابطہ کار کا کردار ادا کرررہاتھا اور سرینگر کے علاقے خواجہ بازار کے گردونواح میں سرگرم عسکریت پسندوں کو لاجسٹک معاونت فراہم کررہاتھا۔
عدالت نے تین الگ الگ درخواستوں پر سرینگر کے عبدالحمید گنائی، کپواڑہ کے راشد بشیر پیر اور شوپیان کے عنایت اللہ وانی کے نظربندی کے احکامات کالعدم قرار دے دیے۔ ان کی نظربندی کے احکامات متعلقہ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹس نے بالترتیب 7 مئی، 3 مئی اور 28 اپریل 2025 کو جاری کیے تھے۔نظربند افراد نے اپنے خلاف الزامات کو مبہم قرار دیتے ہوئے احکامات کو چیلنج کیا تھا۔
درخواستیں منظور کرتے ہوئے عدالت نے کہا کہ نظربندی کی وجوہات میں ضروری تفصیلات موجود نہیں ہیں۔ ان میں مبینہ بھارت مخالف سرگرمیوں اور ان سرگرمیوں کے اوقات کا بھی ذکر نہیںہے۔عدالت نے تینوں نظربندی کے احکامات کالعدم قرار دے دیے اورحکام کو ہدایت کی کہ اگر یہ افراد کسی دوسرے مقدمے میں مطلوب نہیں تو انہیں فوری رہا کیا جائے۔
پی ایس اے کے تحت من مانی نظربندی
قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ نظربندی کے احکامات کی منسوخی نے ایک بار پھر مقبوضہ جموں و کشمیر میں نوجوانوں کی من مانی گرفتاریوں اور کالے قوانین کے تحت نظربندی کا معاملہ بے نقاب کر دیا ہے۔ ان کاکہنا ہے کہ پی ایس اے سمیت کالے قوانین کے تحت کشمیری نوجوانوں کو نظر بند کیا جارہاہے جبکہ قابض حکام ان کے خلاف معمولی شواہد بھی فراہم کرنے میں ناکام رہتے ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ صورتحال مقبوضہ علاقے میں جبر کے وسیع ماحول کی عکاسی کرتی ہے۔ جہاں اختلافِ رائے دبانے اور کشمیری عوام کو ہراساںکرنے کے لیے احتیاطی نظربندی کو بطور ہتھیار استعمال کیا جا رہا ہے۔







