مقبوضہ جموں و کشمیر

نظربند حریت چیئرمین اوردیگرکا کشمیری عوام کو عیدالاضحی کی مبارکباد

Masarat-Aalam-Bhat

نئی دہلی: غیر قانونی طور پر نظر بند کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ نے عید الاضحی کے موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیرکے عوام سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مسرت عالم بٹ نے نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے عید الاضحی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں امت مسلمہ بالخصوص مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین کے مظلوم عوام کوعید کی مبارکباد پیش کی۔انہوں نے جابر سامراجی طاقتوں بھارت اور اسرائیل کے غیر قانونی تسلط سے دونوں مظلوم قوموں کی جلدآزادی کے لیے دعا کی۔مسرت عالم بٹ نے جو جموں و کشمیر مسلم لیگ کے سربراہ بھی ہیں، کہا کہ مسلم دنیا آزمائش اور مشکلات کے انتہائی نازک دور سے گزر رہی ہے۔حریت چیئرمین نے قربانی کی اہمیت کو اجاگرکرتے ہوئے کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ عید الاضحی سادگی سے منائیں اور اس موقع پر شہدا ء کے لواحقین ،نظر بند کشمیریوں کے اہلخانہ اور بھارتی ریاستی دہشت گردی کا شکار افراد کی ضرورتوں کا خیال رکھیں۔
دریں اثناء مقبوضہ جموں وکشمیر کے مفتی اعظم، مفتی ناصر الاسلام نے عیدا لاضحی کے موقع پر کشمیری عوام سمیت امت مسلمہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جانوروں کی قربانی دراصل حضرت ابراہیم اورحضرت اسمٰعیل کی عظیم قربانی کی یاد دہانی ہے اور اس عظیم واقعے کی تقلید ہے جو تاقیام قیامت انسانی تہذیب کا ایک حصہ بن چکی ہے۔ انہوں نے اللہ تعالیٰ سے دعا کہ یہ دن ہمارے لئے کامیابی اورسربلندی کا پیغام لے کر آئے۔
ادھرکل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں وکشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی،جنرل سیکریٹری ایڈوکیٹ پرویز احمد شاہ اورسیکریٹری اطلاعت مشتاق احمد بٹ نے بھی اسلام آباد سے جاری ایک مشترکہ بیان میں جیلوں میں نظربند کشمیری رہنمائوں اورکارکنوں سمیت مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام اوردنیا بھر کے مسلمانوں کو عید الاضحی کی مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے اہلیان جموں و کشمیر سے اپیل کی کہ وہ خوشی و مسرت کے اس موقع پر مفلوک الحال لوگوں،بیوائیوں،معذروں، یتیموں، ورثاء شہداء اوراسیران حریت کے اہلخانہ کا خاص خیال رکھیں اور ان لوگوں کو اپنی خوشیوں میں شامل کریں جنہوں نے غلبہ اسلام اور وطن عزیز کی آزادی کے لئے اپنا سب کچھ قربان کیاہے۔ انہوں نے پاکستان اورآزاد جموں وکشمیر کے عوام ، حکومتوں اورتمام سیاسی ، سماجی اور مذہبی جماعتوں کو بھی عید الاضحی کی مبارک پیش کی ہے۔

دریں اثنا ءکل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے سینئر رہنما اور جموں و کشمیر پیپلز فریڈم لیگ کے چیئرمین محمد فاروق رحمانی نے بھی اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں عید الاضحی کے موقع پر مسلمانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین کے مسلمانوں کی جدوجہد پر روشنی ڈالی ہے جنہیں قابض ملکوں بھارت اور اسرائیل کے ہاتھوں بڑے پیمانے پر جبر و استبداد کا سامنا ہے۔ انہوں نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں اور ان اہم مسائل کو اجتماعی طور پر عالمی فورمز پر اٹھائیں۔
انہوں نے مسلمانوں کے خلاف جارحیت پر مغربی سامراج، صیہونیت اور ہندوتوا کی سیاست کی مذمت کی اور امن، انصاف اور خود ارادیت کی فراہمی پر زور دیا ۔ محمد فاروق رحمانی نے مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین کے عوام کے عزم و ہمت کو سراہا ۔انہوں نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ میانمار کے روہنگیا مسلمانوں کی حالت زار کو فراموش نہ کریں، جن کی شہریت کے حقوق بدھ مت کی فوجی حکومت نے ختم کر دیے اور نسلی تطہیر کے بعد انہیں بنگلہ دیش اور دیگر ممالک میں ہجرت کرنے پر مجبور کیا ۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button