آزاد کشمیر

مسئلہ کشمیر کو امریکہ میں سماعتوں میں شامل کیا جائے گا، الہان عمر

مظفرآباد21 اپریل (کے ایم ایس) امریکی کانگریس کی خاتون رکن الہان عمر Ilhan Omarنے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر کی موجودہ صورتحال کے بارے میں معلومات کے حصول کیلئے آج آزاد جموں و کشمیر کا دورہ کیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق الہان عمر نے آزاد جموں و کشمیر کے صدر سلطان محمود چوہدری سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکی خارجہ امور کی کمیٹی نے اس سے قبل مقبوضہ جموںوکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی رپورٹس کی تحقیقات کے لیے سماعتیں کیں اور مودی انتظامیہ کی مسلم دشمنی پر بات کی ہے۔انہوں نے یقین دلایا کہ کشمیر تنازعہ کو امریکہ میں مستقبل کی سماعتوں میں شامل کیا جائے گا۔امریکی کانگریس کی رکن نے کہا کہ انہیں کشمیر کے حقوق کے حوالے سے بات چیت میں شامل ہونے کا موقع ملا اور صورتحال کے بارے میں براہ راست جاننے کا موقع ملا۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق میرے کام کی ترجیح رہے ہیںاور اگر آپ کے پاس مناسب معلومات نہیں ہیں تو آپ دوسروں کے حق کے لیے نہیں لڑ سکتے۔
آزاد جموںوکشمیر کے صدر سلطان محمود چوہدری نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان شاندار تعلقات ہیں اور اس تعلق میں الہان عمر کا دورہ ایک سنگ میل ثابت ہو گا۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے خاتون رکن کانگریس کے ساتھ بات چیت کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق تنازعہ کے حل کے لیے مفید ثابت ہو گی۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button