آزاد کشمیرپاکستان

عالمی برادری تنازعہ کشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کرائے: محمد غالب

اسلام آباد08جون (کے ایم ایس)تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب نے کہا ہے کہ کشمیریوں نے جس جوانمردی اور جرات سے بھارتی مظالم کا مقابلہ کیا ہے اس کی مثال دنیا کی تاریخ میں نہیں ملتی ۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق محمد غالب نے اسلام آباد میں حریت رہنما الطاف احمد بٹ کی طرف سے ان کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیاکہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی بربریت اور ظلم و جبرکو بند کرانے میںاپنا کردار ادا کرے اور تنازعہ کشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کرائے۔انہوںنے جدوجہد آزادی میں میں مصروف حریت رہنمائوں اور کشمیری عوام کی قربانیوں اور استقامت کو سلام پیش کیا۔ انہوں نے کہاکہ تحریک کشمیر یورپ تنازعہ کشمیر کوبین الا اقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے اپنے حصے کا کردار ادا کررہی ہے ۔ اس موقع پرحریت رہنما الطاف احمد بٹ نے کہا کہ تحریک کشمیر برطانیہ اورتحریک کشمیر یورپ جس متحرک انداز میں کشمیر کاز کے لئے کام کررہی ہیں، وہ قابل تحسین ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر کاز کے لئے برطانیہ اور یورپ میں تحریک کشمیر کے رہنمائوں محمد غالب، راجہ فہیم کیانی اور ان کی پوری ٹیم کی خدمات سے ہمارے عزم و حوصلے کو مہمیز ملتی ہے۔انہوں نے کہاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانی اور کشمیری اپنے روزگار کے حصول کے ساتھ ساتھ شب وروز مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے مصروف عمل رہتے ہیں جس پر ہم ان تمام احباب کے شکر گزار ہیں۔الطاف احمد بٹ نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر میں آزادی پسندقیادت کو جیلوں میں بند کرکے آزادی کی آواز دبانا چاہتا ہے اور پانچ اگست کے بھارتی اقدامات کے بعد کشمیریوں کی مشکلات میں بے انتہا اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت اسرائیل طرز پر مقبوضہ جموں وکشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنا چاہتا ہے۔ تقریب میں دیگر لوگوں کے علاوہ تحریک کشمیر یورپ کے نائب صدر محمود احمد شریف ، راجہ اعجاز احمد شاہق ،چوہدری محمد اشرف ،حریت رہنمامحمد حسین خطیب ، راجہ خادم حسین ، اشفاق مجید ، اعجاز احمد شاہ ، گلشن احمد ، مجید لون ، زاہد اشرف ، شیخ ماجد مسرور ، امتیاز احمد وانی ، مشتاق احمد بٹ ، میاں مظفر ، شیخ یعقوب اور راجہ بشیر عثمانی نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button